محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا اساتذہ کی تربیت پرخصوصی توجہ دے رہی ہے، مشیرتعلیم

منگل 15 اکتوبر 2019 23:56

پشاور۔15 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) مشیر تعلیم خیبرپختونخوا ضیا اللہ خان بنگش نے کہاہے کہ صوبے کے تعلیمی اداروں بشمول افغان مہاجرین کیلئے مختص سکولوں کے طلبا اور طالبات کو بہترین تعلیمی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا اساتذہ کی تربیت پرخصوصی توجہ دے رہی ہے جس کی بدولت جائزے کے مطابق طلبا اوراساتذہ کی استعداد کار میں بہت بہتری آئی ہے۔

وہ افغان اساتذہ کی تربیتی پروگرام کے اختتامی تقریب سے بطور پر مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ تقریب سے یو این ایچ سی آر پشاور آفس کے انچارج کیٹی اوگونگ، ڈائریکٹر ایجوکیشن حافظ محمد ابراہیم، ڈائریکٹر ڈی سی ٹی ای گوہرعلی خان اور پرنسپل پائٹ کالج پشاور نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مشیرتعلیم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمارابنیادی مقصد بچوں کی بہترین تعلیم وتربیت ہے جس کیلئے صوبائی حکومت عملی اصلاحات متعارف کروارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ افغان مہاجرین طلبا اورطالبات کوبہترین نتائج کی فراہمی کیلئے ان کے اساتذہ کی تربیت پروگرام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ امسال افغان ٹیچرز کو 3 ماہ کی طویل تربیت فراہم کی گئی جس میں 726 اساتذہ کو تربیت فراہم کی گئی جبکہ ان اساتذہ کو مزیدتربیت بطور ریفریشر کورس دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ افغان مہاجر طلبا کیلئے صوبے بھر کے 16اضلاع میں 105 سکول قائم ہیں جن میں تقریباً 35 ہزار 500 طلبا اورطالبات زیرتعلیم ہیں جس میں ہمیں بین الاقوامی ادارے یو این ایچ سی آر کی مالی معاونت حاصل ہے جبکہ تکنیکی سہولیات محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا فراہم کررہی ہے۔

مشیرتعلیم ضیا اللہ خان بنگش نے کہاکہ ان تربیت حاصل کرنے والے اساتذہ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ بچوں کو ذمہ داری کیساتھ پڑھائیں۔ انہوں نے کہاکہ ماسٹر ٹرینرزنے ان کی بہترین تربیت کی ہے۔ انہوں نے اساتذہ کی تربیت کیلئے کئے گئے بہترین اقدامات پر پائٹ، رائٹ، اور ڈی سی ٹی ای کے کردار کی تعریف کی۔ ضیا اللہ خان بنگش نے یو این ایچ سی آر کی مالی معاونت کی فراہمی پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔ یو این ایچ سی آر کے پروگرام انچارج ناصراعظم نے مشیرتعلیم کو ترپیت کے پروگرام پرتفصیلی بریفنگ دی۔ تقریب کے اختتام پر ضیا اللہ خان بنگش نے کوہاٹ اور پشاور کے ماسٹر ٹرنیرز میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے۔ #

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں