افغان مہاجرین کیلئے مختص سکولوں کے طلباء اور طالبات کو بہترین تعلیمی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں،مشیرتعلیم

بدھ 16 اکتوبر 2019 00:02

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2019ء) مشیر تعلیم خیبرپختونخوا ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاہے کہ صوبے کے تعلیمی اداروں بشمول افغان مہاجرین کیلئے مختص سکولوں کے طلباء اور طالبات کو بہترین تعلیمی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا اساتذہ کی تربیت پرخصوصی توجہ دے رہی ہے جس کی بدولت جائزے کے مطابق طلباء اوراساتذہ کی استعداد کار میں بہت بہتری آئی ہے۔

وہ افغان اساتذہ کی تربیتی پروگرام کے اختتامی تقریب سے بطور پر مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ تقریب سے یو این ایچ سی آر پشاور آفس کے انچار کیٹی اوگونگ ، ڈائریکٹر ایجوکیشن حافظ محمد ابراہیم، ڈائریکٹر ڈی سی ٹی ای گوہرعلی خان اور پرنسپل پائٹ کالج پشاور نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مشیرتعلیم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمارابنیادی مقصد بچوں کی بہترین تعلیم وتربیت ہے جس کیلئے صوبائی حکومت عملی اصلاحات متعارف کروارہی ہے۔

انہو ںنے کہاکہ صوبائی ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ افغان مہاجرین طلباء اورطالبات کوبہترین نتائج کی فراہمی کیلئے ان کے اساتذہ کے تربیت پروگرام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے امسال افغان ٹیچرز کو3 ماہ کی طویل تربیت فراہم کی گئی جس میں 726 اساتذہ کو تربیت فراہم کی گئی جبکہ ان اساتذہ کو مزیدتربیت بطور ریفریشر کورس دیاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ افغان مہاجر طلباء کیلئے صوبے بھر کے 16اضلاع میں 105 سکول قائم کئے ہیں جن میں تقریباً 35 ہزار 500 طلباء اورطالبات زیرتعلیم ہیں جس میں ہمیں بین الاقوامی ادارے یو این ایچ سی آر کی مالی معاونت حاصل ہے۔

جبکہ تکنیکی سہولیات محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا فراہم کررہی ہے۔ مشیرتعلیم ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاکہ ان تربیت حاصل کرنے والے اساتذہ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ بچوں کو ذمہ داری کیساتھ پڑھائیں۔ انہوں نے کہاکہ ماسٹرٹرینرزنے ان کی بہترین تربیت کی ہے۔ انہوں نے اساتذہ کی تربیت کیلئے کئے گئے بہترین اقدامات پر پائٹ، رائٹ، اور ڈی سی ٹی ای کے کردار کی تعریف کی۔ ضیاء اللہ خان بنگش نے یو این ایچ سی آر کی مالی معاونت کی فراہمی پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔ یو این ایچ سی آر کے پروگرام انچارچ ناصراعظم نے مشیرتعلیم کو ترپیت کے پروگرام پرتفصیلی بریفنگ دی۔ تقریب کے اختتام پر ضیاء اللہ خان بنگش نے کوہاٹ اور پشاور کے ماسٹر ٹرنیرز میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں