حکومت کا مشن اداروں سے کرپشن کا خاتمہ اور ان میں شفافیت لیکر آنا ہے، وزیر معدنیات

خیبرپختونخوا میں معدنیات کی لیز حاصل کرنے والے ٹھیکداروں کوایک سال میں کام شروع کرانے کا پابند بنانے کی ترمیم زیرغور ہے، ڈاکٹر امجد علی

بدھ 16 اکتوبر 2019 22:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2019ء) خیبرپختونخوا کے وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ صوبے میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاروں کے لئے آسانیاں پیدا کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت محکہ معدنیات کی نئی منرل سیکٹر گورننس لارہی ہے جس کے تحت لیز حاصل کرنے والے سرمایہ کارایک سال میں کام شروع کرنے کے پابند ہونگے۔

بصورت دیگر انہیں نوٹس جاری کرکے لیز کنسل کیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبے میں معدنیات کی کامیاب بولی دہندگان کو آفرز لیٹرز تقسیم کرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کا مشن اداروں سے کرپشن کا خاتمہ اور ان میں شفافیت لیکر آنا ہے اور محکمہ معدنیات میں گزشتہ ایک سال کی اصلاحات کے ثمرات اب سامنے آنے شروع ہوگئے ہیں اور آمدن میں سو فیصد تک کا اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ سرکاری اہلکاروں یا وزیر معدنیات، کے نام پر کوئی بھی سرمایہ کار کسی بھی فرد کا دباؤ قبول نہ کرے بلکہ ایسے افراد کی نشاندہی میں محکمہ کے ساتھ مدد کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ کی ساکھ خراب کرنیوالے ایسے افراد کے خلاف پولیس میں مقدمہ درج کیا جائیگا۔ جبکہ انہوں نے نہ تو کبھی کرپشن کی ہے اور نہ کسی فرد کو کرپشن کرنے دینگے۔

ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ ماضی میں آفر لیٹرز لینے پر بھی ٹھیکداروں سے پیسے وصول کئے جاتے تھے۔ لیکن اب اس کلچر کا خاتمہ کردیا گیا ہے۔ وزیر معدنیات کا کہنا تھا کہ محکمہ نے چند اہلکاروں کو کرپشن کے معاملے پر برطرف کرکے ان کے خلاف کیس محکمہ انسداد بد عنوانی کے حوالے کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن اور غیر قانونی مائنگ ختم کرانا حکومت کا مشن ہے۔

وزیر معدنیات کا کہناتھا کہ صوبے میں سرمایہ کاری سے صوبے کی معاشی حالت بہتر ہوگی۔ انہوں نے ٹھیکیداروں سے کہا کہ وہ لیز حاصل کرنے کے بعد جلد سے جلد کام کا آغاز کریں۔ معدنیات کے شعبے میں لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کریں خاص کر سرمایہ کاروں کو آسانیاں فراہم کرنے سے صوبے کی معیشت بہتر ہوگی۔ تقریب سے خطاب میں سیکرٹری محکمہ معدنیات نذر علی شاہ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت میرٹ کی بالادستی اور شفافیت کے لئے سرگرم ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ معدنیات اس شعبہ میں سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔ اور محکمہ معدنیات آئندہ سال محکمہ میں ان لائن نظام بھی متعارف کرانے جارہی ہے اور کامیاب بولی دہندگان کو بلانے کا مقصد بھی ان کی حوصلہ افزائی کرنااور شفافیت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کا کوئی بھی اہلکار کسی سرمایہ کار سے ناجائز مطالبات نہیں کرسکتا۔ ٹھیکیدارصرف حکومت کو رائیلٹی دینے کا پابند ہے۔ انہوں نے سرمایہ کاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ معدنیات آنے والی نسلوں کی امانت ہے، اس کو احتیاط سے استعمال کریں اور ضائع نہ کریں۔نیز مزدوروں کی اجرت وقت پر ادا کریں جبکہ انکے لئے حفاظتی اقدامات بھی ممکن بنائے جائیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں