کثیرالجہتی احساس پروگرام سے غربت میں نمایاںکمی آئیگی، جہان بہادر

جمعرات 17 اکتوبر 2019 13:22

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے ریجنل ڈائریکٹرجہان بہادرنے کہاہے کہ وفاقی حکومت نے غربت کے خاتمے کیلئے کثیرالجہتی احساس پروگرام شروع کردیاہے جس سے پورے ملک میں غربت کے خاتمے میں نمایاںکمی آئیگی۔ان خیالات کااظہارانہوںنے جمعرات کے روزپشاورمیں غربت کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوںنے کہاکہ احساس پروگرام حکومت کی جانب سے غربت کے خاتمے کیلئے شروع کیاجانے والاپروگرام ہے ۔انہوںنے کہاکہ احساس پروگرام کے تحت غربت میں کمی کیلئے 115پالیسی اقدامات شامل ہیں اورضرورت پڑنے پراس کادائرہ کارمزیدبڑھایاجاسکتاہے ۔انہوںنے کہاکہ اس پروگرام کامقصدملک کے غرباء ،بیوائوں ،یتیموں، معذورافراد، محنت کش طبقہ اورطلبہ کی مالی معاونت کرناہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدکہاکہ احساس پروگرام کااصل مقصد21ویںصدی کی ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے ریاست مدینہ کاقیام ہے جس میں سماجی ترقی کافروغ ،خواتین کی معاشی ترقی میں معاونت اوردیرپاترقی وغیرہ شامل ہیں۔انہوںنے کہاکہ خیبرپختونخوا میں قومی سماجی ومعاشی رجسٹری (این ایس ای آر)کے تحت بہت جلد نیاسروے شروع کیاجارہا ہے جس کے تحت بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام سے رہ جانے والے مزید غریب،یتیم ،معذورافرادکوشامل کیاجائیگا۔

انہوں نے کہاکہ بینک الفلاح کے ساتھ ایک معاہدہ ہوگیاہے جس کے تحت بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے رجسٹرڈ غریب لوگوں کورقم دینے کے طریقہ کارمیں مزیدشفافیت آئیگی۔انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی کے دورحکومت میںبے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے رجسٹرڈمستحقین کوپانچ ہزارروپے ہرتین مہینے بعد ملتے ہیں جبکہ اس سے پہلے دورحکومت میں4 ہزار8 سوروپے دئیے جاتے تھے ۔

انہوںنے کہاکہ وقت کے ساتھ ساتھ اس میں مزیداضافہ کیاجائیگا۔انہوںنے کہاکہ احساس پروگرام کے تحت غریب لوگوں کواپناروزگارشروع کرنے کیلئے قرضے بھی دئیے جائیں گے جس سے وہ اپنے لئے باعزت روزگارشروع کرسکیں گے۔انہوںنے بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے مستحق خواتین پرزوردیتے ہوئے کہاکہ وہ کسی بھی مسئلے کے حوالے سے بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے متعلقہ دفاترسے رابطہ کریں اورکسی غیرمتعلقہ افرادسے رابطے سے گریزکریں۔تقریب میں بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے مستحق ونادارخواتین نے کثیرتعدادمیں شرکت کی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں