ضلعی افسران مفاد عامہ کے منصوبوں پر تعمیراتی کام جلد ازجلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں، پیر مصور

جمعرات 17 اکتوبر 2019 18:14

پشاور۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) چیئر مین ڈیڈک ملاکنڈ و رکن صوبائی اسمبلی پیر مصور خان غازی نے قومی تعمیر نو کے محکموں کے ضلعی سربراہوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ضلع بھر میں مفاد عامہ کے جاری اور نئے منصوبوں پر تعمیراتی کام کی رفتار مزید تیز کرکے انہیں جلد ازجلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی تاخیری حربے یا حائل رکاوٹوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔یہ ہدایات انہوں نے جمعرات کے روز ضلعی ترقیاتی مشاورتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرملاکنڈ رحمت اللہ وزیر کے علاوہ ضلعی محکموں کے سربراہوں نے بھی شرکت کی جبکہ اجلاس میں ضلع بھر میں جاری اور نئی منصوبوں جن میں صحت،تعلیم،آبنوشی،آبپاشی اور مواصلات وتعمیرات وغیرہ شامل ہیں پر تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

چیئر مین ڈیڈک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تمام ضلعی محکموں کے افسروں پر زور دیا کہ مفاد عامہ کے منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیاجائے گاکیونکہ قومی خزانہ قوم کی امانت ہے ایک ایک پائی کو عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر خرچ کرنے کو یقینی بنائینگے۔انہوں نے خبردار کیا کہ کسی بھی افسر یااہلکار وں میں کسی کو ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کے مرتکب پایا گیا تو انکے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی ائی حکومت عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت،کوتاہی یا سستی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں