سینیٹرالیاس بلور کاعبدالواحدیوسفی کے انتقال پراظہارافسوس

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 17:34

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2019ء) سینیٹ آف پاکستان میں عوامی نیشنل پارٹی کے سابق پارلیمانی لیڈر اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سینئر رہنما سینیٹر الیاس احمد بلور نے روزنامہ آج کے بانی ‘ملک کے سینئر صحافی اور ہر دلعزیز دوست عبدالواحد یوسفی کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی ہے اور کہا ہے کہ عبدالواحد یوسفی کی وفات سے صحافت کا اہم باب بند ہوگیا ہے ۔

ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ عبدالواحد یوسفی کی صحافت کیلئے گرانقدر خدمات ناقابل فراموش ہیں جس کو ہمیشہ سے یاد رکھا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ مرحوم نے سخت محنت اور مشکل حالات میں صحافت کی دنیا میں اپنا نام اور مقام بنایا ۔ انہوں نے کہاکہ اُن کی وفات سے صحافتی دنیا میں ایک اہم باب کا اختتام ہوگیاہے اورصحافتی دنیا میں ایک بہت بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے جس کو پرُ کرنے کے لئے کافی عرصہ درکار ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مرحوم نے خیبر پختونخوا جیسے پسماندہ صوبے میں صحافت کا علم بلند کئے رکھا اور صحافت کو نئی جہتوں سے روشناس کرایا۔انہوں نے کہاکہ مرحوم نے کارکن صحافی کی حیثیت سے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز کیا اور پھر کامیابی کی منازل طے کرکے چلے گئے اور انہوں نے کبھی اپنے اصولوں پرسودے بازی نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ عبدالواحد یوسفی ہر دلعزیز دوست تھے جو کہ دوستی نبھانے کے لئے کافی مشہور تھے اور آج میں اپنے ہر دلعزیز دوست کی دوستی سے محروم ہوگیاہوں۔ سینیٹر الیاس احمد بلور نے مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں جوار رحمت میں جگہ عطاء فرمائے اور سوگوارخاندان کو اس صدمے کو برداشت کرنے کیلئے صبر و جمیل عطاء فرمائے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں