حکومتی مذاکراتی کمیٹی اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ رابطہ میں ہے،پرویز خٹک

مولانا فضل الرحمان کی طرف سے سینیٹر غفور حیدری نے کمیٹی کو بات چیت کی دعوت دی ہے، رہبر کمیٹی کل یا پرسوں میٹنگ کرے گی، امید ہے کہ رہبر کمیٹی ملکی مفاد اور مثبت حل کیلئے مذاکراتی کمیٹی کے ساتھ بات چیت کرے گی،وفاقی وزیر دفاع

اتوار 20 اکتوبر 2019 20:55

حکومتی مذاکراتی کمیٹی اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ رابطہ میں ہے،پرویز خٹک
پشاور۔20اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2019ء) وفاقی وزیر دفاع اور مذاکرتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خان خٹک نے کہا ہے کہ حکومتی کمیٹی کے ممبران اپوزیشن جماعتوں مسلم لیگ( ن)، پی پی پی، جمیعت علماء اسلام( ف) ،اے این پی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطہ میں ہیں اور کافی اچھی پیش رفت ہوئی ہے، مولانا فضل الرحمان کی طرف سے سینٹر غفور حیدری نے کمیٹی کو بات چیت کی دعوت دی ہے، رہبر کمیٹی اور حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے اراکین آمنے سامنے بیٹھ کر کوئی نتیجہ نکال لیں گے تاہم مولانا فضل الرحمان نے فیصلہ کیا ہے کے رہبر کمیٹی کل یا پرسوں میٹنگ کرے گی اور رہبر کمیٹی مشترکہ ہمارے ساتھ بیٹھے گی اور بات کریں گی،مجھے امید ہے کہ رہبر کمیٹی ہمارے ساتھ بات کرے گی تاکہ کوئی مثبت حل نکالا جاسکے اور ملک بہتر ی کی طرف جاسکے ،موجودہ حالات میں پاکستان نازک صورتحال سے گزر رہا ہے، اپوزیشن کو بھی دھرنوں اور احتجاج کے بجائے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کی طرف توجہ دینی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن کا ایجنڈا وزیر اعظم عمران خان کا استعفی یا ملک میں میڈ ٹرم الیکشن ہوا تو اس پر بات نہیں ہو سکتی، د ھر نے کی آڑ میں ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تو تمام ذمہ داری مولانا فضل الرحمان اور اپوزیشن جماعتوں پر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت انصاف پر مبنی معاشرے کی تشکیل اور تمام وسائل غریب عوام پر خرچ کرنا چاہتی ہے کرپشن ،لوٹ کھسوٹ کادور ختم ہوچکا ہے، کرپشن اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے ۔

وہ نوشہرہ کے علاقے چشمئی سمیت ملحقہ دیہاتوں کو سوئی گیس کی پائپ لائن بچھانے کی منصوبے کے افتتاح کے موقع پر جلسے اورمیڈیاسے بات چیت کررہے تھے۔ اس موقع پر ایم این اے ادریس خٹک ،اسحاق خان خٹک ،اسماعیل خان خٹک ،عاطف خان خٹک ،سید فرید اللہ شاہ ،ر ریاض علی خان اور میاں فیصل شاہ نے بھی خطاب کیا۔پرویز خان خٹک نے کہا کہ ملک مزید تجربات کا متحمل نہیں ہوسکتا ،ایک طرف سرحدوں کی صورتحال خراب ہے اور بھارت کشمیری مسلمانوں پر ظلم ڈھا رہا ہے، احتجاج اپوزیشن کا حق ہے مگر موجودہ حالت میں ملک دھرنوں او ر لاک ڈائوں کی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا،دھر نے کی آڑ میں پاکستان کا امیج یا پاکستان کو نقصان پہنچا یا گیایا لوگوں کے کاروبار کا کوئی نقصان ہوا یاقیمتی جانیں ضائع ہوئیں یا املاک کو نقصان پہنچایا گیا تو اس کی ذمہ دار اپوزیشن بھکتے گی۔

انہوں نے کاکہا ہم بات سننے کیلئے تیار ہیں، اپوزیشن اپنا ایجنڈا تو سامنے لائے جہاں تک ہمارے بس میں ہوگا ہم حل کرنے کیلئے بھی تیار ہیں۔ پرویز خان خٹک نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے ،ملک میں معاشی بحران بتدریج کم کردیا ہے بہت جلد معاشی بحران پر قابو پالینگے، مہنگائی ،بے روزگاری ضرور ہے تاہم ایک بہتر منصوبہ بندی کے تحت پاکستان کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے وزیراعظم عمران خان اور اس کی ٹیم شب وروز محنت کررہی ہے، ایک سال کے اندر اندر بڑی حد تک معاشی بحران ختم ہوگا اور ملک میں خوشحالی کادور دورہ شروع ہوگا۔

وزیر اعظم عمران خان ملک کو قرضوں سے نجات دلانا چاہتے ہیں،اداروں کی بحالی اور اصلاحاتی پروگرام پر بھی کام شروع ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے بطور کے پی کے وزیر اعلی جو اصلاحات نافذ کیں اس کے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں، ابھی ہم وفاق کی سطح پر میرٹ انصاف پر مبنی معاشرے کی تشکیل کیلئے عملی اقدامات اٹھارہے ہے تمام ملازمتوں کی بھرتی میرٹ پر ہورہی ہے، پاکستان کی ستر سالہ تاریخ میں پہلی بار نوجوانوں کو ان کا حق ملا، سکولوں ،ہسپتالوں میں اساتذہ اور ڈاکٹروں کی کمی پوری کی گئی اور اب یہی پالیسی پنچاب سندھ بلوچستا ن اور وفاق میں نافذ کی جارہی ہے اس لئے بعض عناصر ہماری راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طبقاتی نظام تعلیم کا خاتمہ ہماری اولین ترجح ہے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں اور دینی مدارس میں ایک جیسا نصاب متعارف کرایا جارہا ہے تاکہ غریب اور امیر کا فرق ختم ہو اور غریب کے بچے بھی مقابلے کی دوڑ میں آگے آ سکیں۔ پرویز خان خٹک نے کہا کہ نوشہر ہ کے دو قومی حلقوںNA-25اور NA-26 کیلئے پانچ ارب روپے مختص کئے گئے، رواں سال مزید ایک ارب بیس کروڑ روپے سوئی گیس کو فراہم کردیے گئے ہیں تاکہ ضلع کے کونے کونے گلی گلی اور گھر گھر کو سوئی گیس فراہم کی جائے، پندرہ کروڑ روپے سالانہ کے حساب سے بجلی کے مد میں فراہم کئے گئے اور اس سال مزید پندرہ کروڑ روپے بھی بجلی کے مد میں فراہم کئے گئے جس سے بجلی کے نظام میں بہتری لائی جائے گی اور نئے ٹرانسفارمر اور پول فراہم کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے مخالفین صرف الیکشن کے وقت نظر آتے ہے اور جیتنے کے بعد دور بین میں بھی نظر نہیں آتے ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں