کیلاش کی ثقافت کو محفوظ بنانے اور ترقی دینے کیلئے ایکو ٹورازم ویلج قائم کئے جائینگے۔ عاطف خان

پیر 21 اکتوبر 2019 17:50

پشاور۔21اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2019ء) خیبر پختوخوا کے سینئر وزیر برائے سیاحت عاطف خان نے کہا ہے کہ چترال کی وادی کیلاش میں ایکو ٹورازم ویلج قائم کئے جائینگے جہاں مقامی لوگوں کو تربیت اور سرمایہ فراہم کیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں وائبک جمسن کی سربراہی میں یونیسکو کے نمائندہ وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری سیاحت وثقافت بابر خان اور ڈائریکٹر آرکیالوجی ڈاکٹر عبدالصمد خان بھی موجود تھے۔اجلاس میں کیلاش کی ثقافت کو محفوظ بنانے اور ترقی دینے سمیت وہاں پر ایکو ٹورازم ویلج کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ سینئر وزیر نے یونیسکو وفد کو بتایا کہ خیبر پختوخوا حکومت چترال میں کیلاش وادی کو ترقی دینے کے لئے سنجیدہ کوششیں کررہی ہے اور اس مقصد کے لئے وہاں پر ایکو ٹورازم شروع کرنے کا خواہاں ہے تاکہ کیلاش کی ثقافت کو محفوظ بنایا جاسکے اور مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی فراہم کئے جاسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کیلاش میں ایکو ٹورازم ویلج قائم کرنے کے لئے مقامی لوگوں کو تربیت فراہم کرنے کے علاوہ سرمایہ بھی فراہم کیا جائیگا۔ یونیسکو وفد نے اس سلسلے میں ہر قسم کے مالی تعاون کی یقین دہانی کرادی۔ وفد نے سینئر وزیر کو ایکو ٹورازم کے حوالے سے اپنے پلان سے بھی آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں