کورین کمپنی کاضلع کوہستان میں496میگاواٹ سپاٹ گاہ پن بجلی منصوبہ شروع کرنے کافیصلہ

منصوبے سے اربوں روپے کی سرمایہ کاری آئے گی،روزگارکے نئے مواقع میسرہونگے،مشیرتوانائی حمایت اللہ خان کی وفد سے بات چیت

منگل 22 اکتوبر 2019 19:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2019ء) جنوبی کوریا کی توانائی کے شعبے میںحکومتی سطح پر کام کرنے والی کوریا ہائیڈرواینڈ نیوکلئیرپاورکمپنی نے خیبرپختونخواکے ضلع کوہستان میں 496میگاواٹ سپاٹ گاہ پن بجلی کے منصوبے پرپبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ(PPP)موڈ کے تحت جلدعملی کام شروع کرے گی۔اس سلسلے میں صوبائی حکومت اورکورین کمپنی کے درمیان پہلے ہی مفاہمتی یاداشت (MoU)پر دستخط ہوچکے ہیں۔

توانائی کے مذکورہ منصوبے کی تکمیل سے صوبے میںایک طرف اربوں روپے کی سرمایہ کاری آئے گی اور دوسری طرف روزگارکے نئے مواقع بھی میسرآئیں گے اورسستی بجلی کی پیداوارسے ملک کوموجودہ توانائی بحران سے نکالنے میں مدد ملے گی۔اس سلسلے میں مشیر توانائی حمایت اللہ خان کی زیرصدارت منگل کے روز پشاور میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہواجس میںKorea Hydro & Nuclear Power Companyکے سینئرمنیجرChoi Hyun Joonکی قیادت میںکوریاکے وفد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سیکرٹری توانائی محمد زبیرخان، ایڈیشنل سیکرٹری توانائی ظفرالاسلام خٹک،چیف پلاننگ آفیسرذین اللہ شاہ،چیف ایگزیکٹوپیڈوزاہد اخترصابری بھی موجود تھے۔ اجلاس میں بتایا گیاکہ گزشتہ سال سپاٹ گاہ ہائیڈروپاورپراجیکٹ کوپبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شروع کرنے کے سلسلے میںایک مفاہمتی یاداشت پر بھی دستخط کئے گئے جسمیں74فیصدپرائیویٹ سرمایہ کاری ،25فیصدخیبرپختونخواحکومت اور1فیصدواپڈاکا حصہ ہے تاہم عملی کام شروع کرنے سے پہلے منصوبے کی فزیبلٹی اورڈیزائن کواپ ڈیٹ کیا جائیگا۔

اجلاس میں سیکرٹری توانائی وبرقیات محمدزبیرخان نے کورین سرمایہ کار وفد کوبتایاکہ خیبرپختونخواحکومت کورین کمپنی کی جانب سے ضلع کوہستان میں پن بجلی کا منصوبہ شروع کرنے کا خیرمقدم کرتی ہے تاہم منصوبے پر عملی کام شروع کرنے کے سلسلے میںباقاعدہ معاہدہ کرنے اور حکومتی فیصلہ لینے کے لئے تجاویز مرتب کی جائیں گی۔ اس موقع پر مشیرتوانائی حمایت اللہ خان نے بتایاکہ منصوبہ آئندہ 5سالوں میں مکمل ہوگاجوصوبے کی حالیہ تاریخ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت پہلا سب سے بڑاپن بجلی کا منصوبہ ہوگا۔

جس سے صوبے کو سالانہ تقریباً3ارب روپے کی آمدن ہوگی۔انہوں نے کورین سرمایہ کاروفد کو یقین دلایا کہ آئندہ چند روز میں اس اہم منصوبے کو شروع کرنے کے بارے میں وزیراعلیٰ کوپروپوزل پیش کیاجائے گا اوراس کے بعد ہی اس منصوبے پر عملی کام شروع ہو گا۔کورین وفد نے سماجی بہبودکی ترقی کے لئے سیاحت وتعلیم کے شعبوں میں صوبائی حکومت کے ساتھ باہمی تعاون کی بھی پیش کش کی۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں