مولانا فضل الرحمن کل ہمارے دھرنے کو حرام کہتے تھے کل خود دھرنا دے رہے ہیں،شوکت یوسفزئی

جمعہ 8 نومبر 2019 19:31

پشاور۔08 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 نومبر2019ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کل ہمارے دھرنے کو حرام کہتے تھے کل خود دھرنا دے رہے ہیں، کل خود کہہ رہے تھے کہ حکومت کو ایک ڈیڑھ سال میں نہیں جانچا جا سکتا آج وہ منتخب وزیراعظم کا استعفیٰ کس بنیاد پر مانگ رہے ہیں، سیاست میں سوچ سمجھ کر بات کرنی چاہیے، مولانا فضل الرحمن دھاندلی کی بات کرتے ہیں لیکن حلقہ نہیں بتاتے، خانزادہ خان نے اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے پی پی پی کی سینیٹر شپ سے استعفیٰ دیا، اس لیے ذیشان خانزادہ کو ٹکٹ دینے کا حق بنتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے الیکشن کمیشن پشاور میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر سینیٹ کیلئے ذیشان خانزادہ کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ممبران صوبائی اسمبلی ارباب وسیم، آصف خان اور پیر فدا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام نے اپوزیشن کی جھوٹی سیاست کو مسترد کر دیا ہے مولانا فضل الرحمن پانچ سال پہلے جو بات کرتے تھے آج اس کے خلاف چل رہے ہیں مولانا سندھ میں دھاندلی کی بات نہیں کرتے کیونکہ وہاں پی پی پی کی حکومت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دھرنے میں پی پی پی اور پی ایم ایل( ن) کے ورکر شرکت نہیں کر رہے مولانا تقریر کر کے خود آرام کے لئے چلے جاتے ہیں اور اپنے کارکنوں کو تکلیف میں چھوڑ جاتے ہیں مولانا نے دھرنا دینا ہے تو ورکرز کے ساتھ ہی رہیں۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ عمران خان منتخب وزیراعظم ہے، مولانا فضل الرحمٰن کی قومی اسمبلی میں 2 فی صد نمائندگی ہے وہ کس بنیاد پر استعفیٰ مانگ رہے ہیں استعفیٰ کوئی حلوے کی پلیٹ نہیںجو انہیں پیش کر دی جائے، ہم نے دھرنا دینے سے پہلے الیکشن ٹریبونل گئے پھر سپریم کورٹ گئے، اسمبلی میں بات کی لیکن ہماری چار حلقوں کی بات تک نہیں سنی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پی پی پی لاڑکانہ میں بھی سیٹ ہار چکی ہے، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بعد پی پی پی کا سندھ سے بھی صفایا ہو جائے گا، بلاول کو اپنی سیاست پر نظر ثانی کرنی چاہیے ذیشان خانزادہ نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی ہے تو خانزادہ خان نے اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے سینٹ نشست سے استعفیٰ دے دیا۔ ذیشان خانزادہ نے اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیراعظم عمران خان اور پارٹی لیڈران کا سینٹ ٹکٹ دینے پر شکریہ ادا کرتے ہیں پارٹی کی توقعات اور پالیسی پر پورا اترنے کے لئے پوری کوشش کریں گے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں