شوریٰ ہمدرد کے زیر اہتمام ڈاکٹر صلاح الدین کی یاد میں تعزیتی اجلاس

بدھ 13 نومبر 2019 18:06

پشاور۔13نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2019ء) ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام چیئرمین شوریٰ ہمدرد پشاور ڈاکٹر صلاح الدین مرحوم کی یاد میں ایک تعزیتی اجلاس بدھ کے روز پشاور کے سروسز کلب میں منعقدہوا۔اجلاس کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر فخر الاسلام ،ڈائریکٹر پاکستان سٹڈی سنٹر پشاور یونیورسٹی نے کی۔صدر ہمدرد فائونڈیشن سعدیہ راشد نے کراچی سے خصوصی طور پر اجلاس میںشرکت کی۔

اس موقع پر شرکاء نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر صلاح الدین ایک نابغہ روزگار شخصیت تھے جنہوں نے اپنی ساری زندگی انسانیت کی خدمت میں وقف کر دی۔مرحوم نہ صرف بہترین ماہر طب تھے بلکہ علم و ادب کے میدان میں بھی اُنہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ ڈاکٹر صلاح الدین جیسی شخصیات صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں،اُن کی وفات سے پیدا ہونے والا خلاء برسوں پُر نہیں ہو سکے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سعدیہ راشد،اراکین شوریٰ ہمدرد حکیم عبدالوحید، سردار فاروق احمد جان بابر، سید مشتاق حسین شاہ بخاری، قاری شاہد اعظم الاذہری، ملک لیاقت تبسم،ڈاکٹر اقبال خلیل،جواد احمد خان،پروفیسر روشن خٹک،پروفیسر ڈاکٹر سعید انور، سمیت مرحوم ڈاکٹر صلاح الدین کے بھائی علائو الدین اور صاحبزادوں ڈاکٹر محمد نعمان اور ڈاکٹر ارسلان نے بھی شرکت کی اور مرحوم کی طبی ،علمی و ادبی خدمات پر روشنی ڈالی۔اجلاس کے شرکاء نے مرحوم ڈاکٹر صلاح الدین کو منظوم خراج عقیدت بھی پیش کیا ۔ اجلاس کے آخر میں مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کی گئی اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں