خیبرپختونخوا کے محکمہ معدنیات اور شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی شرینگل کے درمیان باہمی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

جمعرات 14 نومبر 2019 23:24

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 نومبر2019ء) خیبرپختونخوا کے محکمہ معدنیات اور شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی شرینگل کے درمیان باہمی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ معاہدے پر سیکرٹری معدنیات نذر علی شاہ، اور وائس چانسلر شرینگل یونیورسٹی ڈاکٹر رحمت علی نے دستخط کئے۔اس موقع پر وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد علی اور ممبر صوبائی اسمبلی ملک بادشاہ صالح بھی موجود تھے۔

معاہدے کے تحت یونیورسٹی معدنیات کے شعبے میں تحقیق کی خدمات سرانجام دے گی، اور صوبے میں معدنیات کی تلاش میں اپنا کردار ادا کریگی۔ معاہدے کے تحت محکمہ معدنیات جامعہ کے اساتذہ اور طلباء کو تحقیق کے شعبے میں سہولیات فراہم کریگی۔اور جامعہ شرینگل ملکی و غیر ملکی سطح پر صوبے کی معدنیات کو کمرشلائز کرنے کے لئے بھی کام کریگی، جس سے صوبے میں معدنیات کے شعبے میں روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب میں وزیر معدنیات خیبرپختونخوا ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی کوشش ہے کہ جامعات اور انڈسٹری کے درمیان موجود خلاء کو ختم کیا جائے جس کے لئے محکمہ معدنیات اب طلباء کو تحقیق کے شعبے میں سہولیات فراہم کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جامعات صیح معنوں میں تحقیق کا کام کریں تو ہم ہر شعبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کی مفاہمت سے جامعات تحقیق کے ذریعے مختلف شعبوں کو مضبوط بنیاد فراہم کرسکتی ہیں، انہوں نے کہا کہ محکمہ معدنیات صوبے کی دیگر یونیورسٹیز کو بھی معدنیات کے شعبے میں تحقیق کی دعوت دے گا۔ معاہدے کے مطابق محکمہ معدنیات جامعہ شرینگل کو رعایتی قیمت پر معدنیات کی جانچ کرانے کی سہولت فراہم کرے گا، جبکہ جامعہ شرینگل مختلف جگہوں پر معدنیات کے مراکز کا قیام عمل میں لائے گی، اور عوام میں معدنیات کے شعبے کے حوالے سے شعور اجاگر کریگی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں