حکومتی سرپرستی میں تعلیمی اداروں کا ماحول خراب کیا جارہا ہے،صدرالدین مروت

حکومتی سرپرستی میں تعلیمی اداروں کا ماحول خراب کیا جارہا ہے، آئی ایس ایف کے غونڈوں کی پی ایس ایف اراکین پر حملہ اور تشدد بدترین دہشت گردی ہے،صوبائی ترجمان اے این پی

ہفتہ 16 نومبر 2019 00:06

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان و ایڈوائزر پختون سٹوڈنٹس فیڈریشن (پی ایس ایف) صدرالدین مروت نے زرعی یونیورسٹی پشاور میں پی ایس ایف کے جنرل سیکرٹری پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی سرپرستی میں تعلیمی اداروں کا ماحول خراب کیا جارہا ہے، آئی ایس ایف کے غونڈوں کی پی ایس ایف اراکین پر حملہ اور تشدد بدترین دہشت گردی ہے۔

حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں اچک اچکزئی کی عیادت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اے این پی کے صوبائی ترجمان صدرالدین مروت نے کہا کہ پی ایس ایف زرعی یونیورسٹی کے جنرل سیکرٹری اچک اچکزئی پر تشدد کرنیوالے ملزمان تاحال گرفتار نہیں کئے گئے، دوسری جانب افسوسناک امر یہ ہے اصل ملزمان جمعہ کے روز سیکرٹریٹ میں موج مستی کررہے تھے جو انصاف کے دعویداروں کے منہ پر طمانچہ ہے، یونیورسٹی کیمپس کی پولیس ملزمان کی بجائے پی ایس ایف کے کارکنان کو گرفتار کرچکی ہے۔

(جاری ہے)

رات گئے احتجاج کے باوجود ایف آئی آر درج نہیں کی گئی تھی۔ ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے میں تاخیر اور انکار کے حربے افسوسناک ہیں۔ مثالی پولیس طلباء کے احتجاج کے باوجود ملزمان کی گرفتاری میں ناکام ہے۔ اے این پی کے صوبائی ترجمان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت تعلیمی اداروں کے ماحول کو خراب کرنیکی مذموم کوشش سے گریز کرے، اچک اچکزئی اور انکے ساتھیوں پر قاتلانہ حملہ کرنیوالوں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔ ہم عدم تشدد کے پیروکار ہیں اور ہمیں انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور نہ کیا جائے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں