ضلعی انتظامیہ نے انکاری والدین کے بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کے لئے خصوصی مہم شروع کردی

اتوار 17 نومبر 2019 18:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2019ء) ڈپٹی کمشنر لکی مروت جہانگیر اعظم وزیر کی نگرانی میں ضلعی انتظامیہ نے انکاری والدین کے بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کے لئے خصوصی مہم شروع کردی تاکہ ریفیوزل کیسز کی سو فیصد کوریج یقینی بنائی جاسکے۔ مہم کے دوران ڈپٹی کمشنر جہانگیر اعظم وزیر نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اورانکاری والدین کے گھروں پر جاکر انہیں بچوں کی ویکسی نیشن پر قائل کیا۔

انہوں نے بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جو انسداد پولیو مہمات کے دوران والدین کے انکار کے سبب ویکسین لینے سے محروم رہ گئے تھے۔گذشتہ انسداد پولیو مہمات کے دوران 4ہزار سے زائد پانچ سال تک کی عمر کے بچے والدین کے انکار کے سبب حفاظتی قطرے لینے سے محروم رہ گئے تھے جن میں سے ریفیوزل کیسز کی کوریج کے لئے چلائی گئی خصوصی مہم کے دوران ایک ہی روزمیں 1875بچوں کی پولیو کے خلاف ویکسی نیشن کی گئی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر جہانگیر اعظم وزیر کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نور الامین، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز سجاد حسین اور نجیب اللہ خان نے بھی مختلف یونین کونسلوں میں انکاری والدین سے ملاقاتیں کیں اور ان کے بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو کیس سامنے آنے کی ایک بڑی وجہ والدین کا ویکسی نیشن سے انکار ہے،بچوں کی صحت ہماری اولین ترجیح ہے والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو دائمی اپاہج پن سے محفوظ رکھنے کے لئے پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں۔انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ پولیو ٹیموں سے تعاون کریں۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں