جلد بازی کی بجائے تحمّل سے بہترین نظام کی راہ ہموار کررہے ہیں۔ شہرام خان ترکئی

وزیر بلدیات سے ڈی ایف آئی ڈی وفد کی ملاقات، مختلف امور پر تبادلہ خیال

منگل 19 نومبر 2019 23:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 نومبر2019ء) خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ حکومت جلد بازی کی بجائے تحمّل سے بہترین نظام کی راہ ہموار کررہی ہے۔ محکمہ بلدیات، لوکل گورنمنٹ ترمیمی ایکٹ کی منظوری کے بعد رولز آف بزنس اور حلقہ بندیوں کے قوانین سمیت کئی دیگر قواعد و ضوابط بنانے میں مصروف عمل ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی ایف آئی ڈی پاکستان کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی سربراہی ڈیپارٹمنٹ آف انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ (ڈی ایف آئی ڈی) پاکستان اینابل جیری کر رہی تھیں۔ اجلاس میں سیکرٹری بلدیات ظاہر شاہ، ٹیم لیڈر لوکل گورنمنٹ ریفارمز یونٹ خالد خان، سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ خضر حیات خان سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں نئے بلدیاتی نظام اور صوبے میں ڈی ایف آئی ڈی پراجیکٹس کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر بلدیات نے وفد کو محکمہ بلدیات کی کارکردگی اور جاری منصوبوں اور قانون سازی کے حوالے سے آگاہ کیا۔ شہرام خان ترکئی نے وفد کو بتایا کہ نیا بلدیاتی نظام مِنی آئین ہے جس کے تحت رولز آف بزنس، حلقہ بندیوں کے قوانین جو کہ وفاقی الیکشن ایکٹ 2017 سے مطابقت رکھتے ہوں بنانے کا عمل جاری ہے۔ اسی لیے ہم جلد بازی کی بجائے تحمّل سے بہترین نظام کی راہ ہموار کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام میں خواتین کو زیادہ نمائندگی دی گئی ہے۔ خواتین مخصوص نشستوں کے علاوہ براہ راست انتخابات بھی لڑ سکتی ہیں۔ وزیر بلدیات نے وفد کو بتایا کہ محکمہ بلدیات کی خدمات سے عوام کو آگاہ کرنے اور ان میں شعور اجاگر کرنے کے لیے سفیر بلدیات تعینات کیے جائیں گے۔ دریں اثناء ڈی ایف آئی ڈی وفد کی سربراہ اینابل جیری نے صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون بڑھانے کا اعادہ کیا۔ اجلاس میں لوکل گورنمنٹ ریفارمز کو ایجنڈے میں شامل کرنے اور سب نیشنل گورننس 2 شروع کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں