خیبرپختونخوا حکومت اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلنا چاہتی ہے، شوکت یوسفزئی

اپوزیشن کے مسائل کے حل اور مطالبات پر بات چیت کرنے کے لیے صوبائی وزراء قلندر خان لودھی، شوکت یوسفزئی، اکبر ایوب اور سلطان محمد خان کی حکومتی کمیٹی بنا دی ہے جو اپوزیشن کے ساتھ بیٹھ کر مسائل حل کرے گی،وزیراطلاعات خیبرپختونخواشوکت یوسفزئی

بدھ 20 نومبر 2019 00:03

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2019ء) صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلنا چاہتی ہے، اپوزیشن کے مسائل کے حل اور مطالبات پر بات چیت کرنے کے لیے صوبائی وزراء قلندر خان لودھی، شوکت یوسفزئی، اکبر ایوب اور سلطان محمد خان کی حکومتی کمیٹی بنا دی گئی ہے جو اپوزیشن کے ساتھ بیٹھ کر مسائل حل کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے اپوزیشن دھرنے کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں اپوزیشن کے ساتھ بہت ناانصافی کی جا رہی ہے لیکن ہم اپنے صوبے کی ترقی کے لیے اپوزیشن کے ساتھ ملکر کام کرنا چاہتے ہیں سب کو پتہ ہے کہ ہمارا صوبہ ماضی میں بہت مسائل سے دوچار رہا۔

(جاری ہے)

اپوزیشن کو بھی ترقیاتی کاموں کیلئے منصفانہ فنڈز دیے جائیں گے۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ جنوبی اضلاع اور قبائلی اضلاع سمیت تمام حلقوں میں ترقیاتی کام کرنا چاہتے ہیں تاکہ محرومیوں کا خاتمہ ہو اور اپوزیشن اور خواتین ممبران صوبائی اسمبلی کو ان کاجائز حق ضرور ملے گا انہوں نے کہا کہ یہ جمہوریت کاخاصہ ہے کہ مل بیٹھ کربات کی جائے جتنے بھی مسائل یا مطالبات ہونگے اس پر کمیٹی میں بات ہو گی قانون سازی کے عمل میں اپوزیشن کو بھی اعتماد میں لیاجائے گا جس سے اب اسمبلی میں بھی ماحول اچھاہوگا انہوں نے کہا کہ ممبران صوبائی اسمبلی کی وزیر اعلیٰ محمود خان سے ملاقات کے لیے جمعرات کا دن مقرر ہے جس میں اپوزیشن کے ممبران بھی ان سے ملاقات کر سکتے ہیں اپنے علاقے کی روایت کے مطابق بات پر قائم ہیں اور اپوزیشن سے بھی حکومت کے ساتھ مثبت رویے کی امید ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں