دو رکنی کار سنیچرز گروہ گرفتار چھینی گئی گاڑیاں اور اسلحہ برآمد

جمعہ 13 دسمبر 2019 23:12

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 دسمبر2019ء) کپیٹل سٹی پولیس پشاور نے کسٹم اہلکاروں کی تحویل سے اسلحہ کی نوک پر موٹر کار چھیننے والے گروہ کا سراغ لگاتے ہوئے واقعہ میں ملوث مرکزی ملزم سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ ان کے قبضے سے کسٹم اہلکار سے چھینی گئی گاڑی سمیت وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور دیگرگاڑیاں بھی برآمد کر لی گئی ہیںبھانہ ماڑی پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جس سے مزید اہم اور سنسنی خیز انکشافات کی توقع کی جارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مدعی کسٹم آفیسر جاوید ولد محمد شاہ نے تھانہ بھانہ ماڑ ی پولیس کو رپورٹ کی تھی کہ کوہاٹ روڈ اور ہیڈ پل کے قریب کچھ نا معلوم افراد نے ڈیوٹی پر موجود کسٹم اہلکاروں کی تحویل سے اسلحہ کی نوک پر گاڑی نمبراسلام آباد BY-048 چھین کر فرار ہو گئے جس کی رپورٹ پر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی نے کسٹم اہلکاروں سے اسلحہ کی نوک پر موٹر کار چھیننے کی واردات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی محمد شعیب کی نگرانی میں خصوصی ٹیم تشکیل دے کر موٹر کار چھیننے والے گروہ کو گرفتار کرنے کا ٹاسک حوالہ کیا۔

خصوصی ٹیم نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش جاری رکھتے ہوئے متعدد مشتبہ اور جرائم پیشہ افراد کے بیانات قلمبند کرنے سمیت موٹر کار چوری میں ملوث افراد کا ڈیٹا اکٹھا کیا جس کے دوران اصل ملزمان تک رسائی حاصل کرتے ہوئے گزشتہ روز ڈی ایس پی سبرب اخترازخان اور ایس ایچ او بھانہ ماڑی سردار حسین نے کامیاب کارروائی کے دوران کسٹم اہلکاروں سے موٹر کار چھیننے کے واقعہ میں ملوث دو ملزمان شوکت ولد حاجی محمد اور یار خان ولد جمعہ خان ساکنان سربند کو گرفتار کر لیا جنہوں نے سرسری انٹاروگیشن کے دوران دیگر گاڑیاں چھیننے میں بھی ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے ملزمان کی نشاندہی پر ان کے قبضہ سے چھینی گئی موٹر کار اور واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور دودیگر گاڑیاں بھی برآمد کر لی گئی ہیں دونوں ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جس کے دوران ان سے مزید اہم انکشافات کی توقع کی جارہی ہے

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں