gخیبر پختونخوا میں آٹے کا کوئی بحران نہیں،اجمل وزیر

ّ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کیخلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جائے،ترجمان حکومت

اتوار 19 جنوری 2020 20:55

ض*پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جنوری2020ء) صوبائی حکومت کے ترجمان اور وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے قبائلی اضلاع اجمل وزیر نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں آٹے کا کوئی بحران نہیں اور بعض ذخیرہ اندوز اور ناجائز منافع خور اپنے مفاد کیلئے مصنوعی بحران پیدا کر نے کی کوشش کر رہے ہیں۔ صوبائی حکومت کی جا نب سے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایات جاری کی جا چکی ہیں کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف فوری کاروائیاں عمل میں لائی جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج اپنے دورہ ڈیرہ اسماعیل خان کے موقع پر ایک نجی ہوٹل میں منعقدہ پریس ٹاک کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پشاور سے ڈیرہ اسماعیل خان موٹر وے کی منظوری ہو چکی ہے جو کہ جنوبی اضلاع کے لیے موجودہ حکومت کا ایک تحفہ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لفٹ کینال کے دیرینہ مطالبے کو سی پیک کا حصہ بنا دیا گیا ہے جس کی تکمیل سے خطے میں خوشحالی آئیگی ۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 30سال کے دوران غریب عوام کا پیسہ منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک منتقل کیا گیا یہاں تک کہ جب تحریک انصاف کی حکومت آئی تو ملک معیشت کے لحاظ سے دیوالیہ کے دہانے پر تھا مگر وزیر اعظم عمران خان کے وژن اور شبانہ روز کاوشوں کے نتیجے میں آج ملکی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے اور ملک کی عزت اور وقار میں مزید اضافہ ہو رہا ہے اور اس بات کی بین الاقوامی سطح پر تائید کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انشاء الله جلد ہی ملک میں روزگار آسانی سے میسر ہو گا اور ملک میں خوشحالی آئے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک کا پیسہ کھانے والوں کا احتساب جاری رہے گا اور غریب عوام کا پیسہ لوٹنے والوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔ ایک دوسرے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مہنگائی سے متعلق عوامی شکایا ت کا ازالہ کیا جا رہا ہے اور جلد ہی صورتحال پر قابوپا لیا جائیگا۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت دیگر اضلاع کی طرح ڈیرہ اسماعیل خان کے صحافیوں کیلئے جلد ہی میڈیا کالونی قائم کر رہی ہے جس سے صحافیوں بالخصوص مالی طور پر درمیانے طبقے سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کے رہائش کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے بات ہو چکی ہے جسکا جلد ہی وہ باقائدہ اعلان کریں گے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں