باچاخان اور ولی خان کی برسی کے مناسبت سے پہلا ریجنل جلسہ عام نوشہرہ امان گڑھ میں منعقد ہوگا ،میاں افتخارحسین

اتوار 19 جنوری 2020 23:20

/پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جنوری2020ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخارحسین نے کہا ہے کہ باچاخان اور ولی خان کی برسی کے مناسبت سے پہلا ریجنل جلسہ عام نوشہرہ امان گڑھ میں منعقد ہوگا جس کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں، جلسہ عام سے اے این پی کے قائد اسفندیارولی خان سمیت دیگر مرکزی و صوبائی قائدین خطاب کریں گے۔

امان گڑھ نوشہرہ میں جلسہ گاہ کے معائنے کے وقت میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں افتخارحسین نے کہا کہ باچاخان اور ولی خان کی برسی ایسے حالات میں منائی جارہی ہے جہاں پورے خطے کو ان کے فلسفے اور بصیرت کی ضرورت ہے، آج دہائیوں بعد بھی ہمارے اکابرین کی بات حرف بہ حرف سچ ثابت ہورہی ہے۔ ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اے این پی پورے ملک میں تقریبات کا اہتمام کررہی ہے جس کا باقاعدہ آغاز 20جنوری سے ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پورا ہفتہ منانے کا مقصد اپنے اکابرین کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا اور پوری قوم کو یاد دلانا ہے کہ باچاخان اور ولی خان کے فلسفے پر چلتے ہوئے ہی اس پورے خطے میں ایک انسان دوست و جمہوری نظام بنایا جاسکتا ہے۔ وہ ہمارے اکابرین ہی نہیں بلکہ اس خطے کے محسن ہیں جنہوں نے ہر سامراج کے سامنے کھڑے ہوکر حق کی بات کی۔ انہوں نے اس قوم کے روشن کل کیلئے قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کیں اور حقیقی جمہوریت کی بحالی کیلئے ہر آمر کے سامنے ڈٹ کر کھڑے رہے۔

آج ان کو خراج عقیدت پیش کرنا ہماری ضرورت اور فریضہ ہے۔ میاں افتخارحسین نے کہا کہ نوشہرہ جلسہ کیلئے اپنے بس کے مطابق تیاری کرچکے ہیں اور امید ہے کہ کارکنان و پشتون قوم ریکارڈ تعداد میں شرکت کریں گے اور اپنے اکابرین کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں