محکمہ سماجی بہبود خیبر پختونخوانے دارالامان سوات میں رہائش پذیر خواتین کے لئے کپڑے کے شاپنگ بیگز کی تیاری کا منصوبہ شروع کردیا

جمعہ 24 جنوری 2020 00:12

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2020ء) محکمہ سماجی بہبود خیبر پختونخوانے دارالامان سوات میں رہائش پذیر خواتین کے لئے کپڑے کے شاپنگ بیگز کی تیاری کا منصوبہ شروع کردیا ہے، اس منصوبے کا مقصد ضلع سوات میں پلاسٹک کے شاپنگ بیگز کے استعمال کی حوصلہ شکنی کرنا اور ایسے مراکز میں مقیم خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانا ہے۔

منصوبے کی افتتاحی تقریب میں پاکستان تحریک انصاف کے مقامی رہنما احمد خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوات اور علاقہ کے دیگر سرکردہ افراد نے شرکت کی۔ منصوبے کے تحت ابتدائی طور پر 30 سلائی مشینیں درالامان کے سپرنٹنڈنٹ کے حوالے کردی گئیں۔ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر نصرت اقبال نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد خواتین اور لڑکیوں کو دارالامان میں قیام کے دوران تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ ان کو ایک باعزت ذریعہ آمدن مل سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبہ سے سوات کے مختلف سیاحتی مقامات کو پلاسٹک فری بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ منصوبے کے تحت ضلعی انتظامیہ درالامان کو مارکیٹ میں درکار شاپنگ بیگ کے نمونے اور خام مال فراہم کرے گی اور یوں خواتین اور مارکیٹ کے مابین ایک پل کا کردار ادا کرے گی۔ ضلعی انتظامیہ اس منصوبے کے پورے عمل کی نگرانی کرے گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں