پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند ،سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے‘ خلیق الرحمان

چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور پاکستان کی معاشی اور اقتصادی ترقی کے لئے ایک انتہائی اہم منصوبہ ہے، مشیر وزیراعلی خیبرپختونخوا

جمعہ 24 جنوری 2020 00:12

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2020ء) وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے اعلیٰ تعلیم خلیق الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند ،سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے اور برادر ہمسایہ ملک چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیایہی وجہ ہے کہ نہ صرف حکومتی بلکہ عوامی سطح پر بھی دونوں ملکوں کے عوام ایک دوسرے سے محبت اور چاہت کے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیںوہ پشاور میں چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو کے زیر اہتمام سی پیک کے پاکستان باالخصوص خیبر پختون کی معیشت پر اثرات کے موضوع پر منعقدہ مقابلہ مضمون نویسی کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کر رہے تھے۔

کے پی بورڈ آف انویسٹمنٹ کے سی ای او حسن داؤدبٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

خلیق الرحمان نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور پاکستان کی معاشی اور اقتصادی ترقی کے لئے ایک انتہائی اہم منصوبہ ہے اب جبکہ اس کوریڈور کا ایک مرحلہ مکمل ہو چکا ہے دوسرے مرحلے میں اس کے ثمرات ہم تک پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت صوبے میںسی پیک کے چھ بڑے منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔

قراقرم ہائی وے کی تعمیر سے ہمیں شمالی علاقوں تک رسائی میں آسانی ہو گی اسی طرح کاغان میں سکی کناری ہائڈل پاور پراجیکٹ سے 900میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی جس سے ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور پھر خاص طور پر رشکئی اکنامک زون کے قیام سے نہ صرف معاشی و اقتصادی سرگرمیاں عروج پائیں گی بلکہ ڈیڈھ لاکھ سے زیادہ افراد کو روزگار بھی ملے گا۔

خلیق الرحمان نے مزید کہا کہ سی پیک کی اہمیت کے پیش نظر اس موضوع پر انگریزی اور اردو میں مقابلے کا انعقاد شبہ وقت کا اہم تقاضا اور چائنہ ونڈو منتظمین کی ایک شاندار کاوش ہے جس پر منتظمین مبارکباد کے مستحق ہیں۔تقریب سے خطاب میں خیبر پختون خوا بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے چیف ایگزیکٹو افیسر حسن داؤد بٹ نے کہا کہ سی پیک کا زیادہ فائدہ پاکستان کو ہو گا جہاں معاشی و اقتصادی سرگرمیاں شروع ہونے کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے سی طرح سی پیک میں زراعت کے شعبے میں بھی کئی منصوبوں پر کام ہو گا معاشی و سماجی شعبے میں کام کیا جائے گاصحت اور غربت میں کمی کے علاوہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی،ووکیشنل ٹریننگ اور تعلیم کے شعبوں میں سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

ان اقدامات سے جہاں معاشی و اقتصادی ترقی ہو گی وہیں فلاح و بہبود کے شعبوں ملک بھر میں بہتری لائی جائے گی۔حسن داؤد بٹ نے سی پیک کے موضوع پر مقابلہ مضمون نویسی کو انتہائی اہم قدم قرار دیتے ہوئے طلباء کو پاک چین دوستی میں اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔بعدازاں اردو اور انگریزی مقابلہ مضمون نویسی میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں