اسٹریٹ کرائمز میں ملوث افراد کے خلاف جاری کریک ڈائون کو مزید تیز کیا جائے،ظہور بابر آفریدی

جمعہ 24 جنوری 2020 17:34

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2020ء) ایس ایس پی آپریشنز ظہور بابر آفریدی نے کہا ہے کہ اسٹریٹ کرائمز میں ملوث افراد کے خلاف جاری کریک ڈائون کو مزید تیز کیا جائے، پولیس افسران عوام کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف بھر پور ایکشن لیں، منشیات فروشوں خصوصاً آئس کا کاروبار کرنیوالے افراد کے خلاف بھی کارروائیاں کرنے اورتھانہ آنے والے سائلین کی داد رسی کو یقینی بنایا جائے، ایف آئی آر کے بروقت اندراج کو یقینی بنا نے کے ساتھ ساتھ مختلف جرائم کی تفتیش کو بھی جلد مکمل کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز خصوصی کرائم میٹنگ کے دوران کیا۔ ملک سعد شہید پولیس لائن میں ہونیوالے کرائم میٹنگ میں تمام ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

میٹنگ کے دوران ایس ایس پی آپریشنز ظہور بابر آفریدی نے شہر میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا ،انہوں شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے عوامی شکایات کے بروقت ازالہ اور تھانہ آنے والے سائلین کو مکمل قانونی معاونت فراہم کرنے کی سختی سے ہدایت کی،انہوں نے پولیس افسران کو معاشرے سے جرائم کی بیخ کنی کے ساتھ ساتھ معاشرتی برائیوں کے تدارک کے لئے بھی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی،ایس ایس پی آپریشنز نے سنگین جرائم کی تفتیش کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت دیتے ہوئے واضح کیا کہ ناقص تفتیش پر تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں