جے یوآئی پشاور کے زیراہتمام مہنگائی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

جمعہ 24 جنوری 2020 23:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2020ء) جمعیت علمااسلام ضلع پشاور کے زیر اہتمام مہنگائی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ نوشوبابا مسجد فردوس چوک جی ٹی روڈ سے ہشتنگری تک ہوا،مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پر حکومت کے خلاف نعرے درج تھے، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی قائدین مولانا امان اللہ حقانی، عبدالجلیل جان، مولانا احمدعلی درویش،قاری رفیق شاہ،خالدوقارچمکنی،منہاج باچہ،مولانا عبدالروف جان، ڈاکٹرمسعودگل،مولانا حسین احمد مدنی، عطیف الرحمن خلیل ودیگر نے کہاکہ ملک میں جاری کمر توڑ مہنگائی اور غربت کے ہاتھوں عام آدمی پریشان ہے صوبے میں آٹے اور چینی کا بحران شدت اختیار کرچکا ہے اور حکومت کے لاتعلقی کا اظہار انتہائی افسوسناک ہے حکومت خیبرپختونخوا کے عوام کے منہ سے نوالہ چھین رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب سے آٹا بند کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پنجاب آٹے کی بندش کا حکومتی فیصلہ تعصبانہ ہے حکومت نے صوبے میں گیس وبجلی کے بعد اب آٹے اور چینی کا بحران پیدا کردیا ہے موجودہ حکمرانوں نے جو وعدے، دعوے اور سبزباغ دکھائے تھے وہ سب فراڈ، دھوکہ اور فریب ثابت ہوئیحکمرانوں کی غیرسنجیدگی نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے یہ نیا نہیں مہنگا اور غربت والا پاکستان ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر مستعفی ہوجائے اور نئے انتخابات کا اعلان کریں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں