پختونخوا جمہوری اتحادکا آٹا بحران، مہنگائی،بے روزگاری،سوئی گیس وبجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کے خلاف احتجاجی ریلی

جمعہ 24 جنوری 2020 23:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2020ء) پختونخوا جمہوری اتحادکے زیر اہتمام آٹا بحران،ہوشربا مہنگائی،بے روزگاری،سوئی گیس وبجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کے خلاف پی جے آئی کے کنوینئر سکندر حیات خان شیرپا کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ریلی کے شرکا نے خیبر بازار سے پشاورپریس کلب تک احتجاجی واک کرتے ہوئے مختلف بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پرموجودہ حکومت،آٹا بحران،مہنگائی و بے روزگاری کے خلاف نعرے درج تھے۔

ریلی میں قومی وطن پارٹی کے رہنماں اور کارکنوں کے علاوہ نیشنل پارٹی کے مختیار باچہ،مزدور کسان پارٹی کے گل حیدر خان،عوامی ورکرز پارٹی کے شھاب خٹک اور پختونخوا اولسی تحریک کے ڈاکٹر مشتاق اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کی پالیسیوں سے واضح ہو چکا ہے کہ وہ غریب عوام سے آخری نوالہ بھی چھین رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ مسلط حکمرانوں نے مہنگائی،آٹا بحران،بے روزگاری اور بجلی و گیس کے نرخوں میں پے در پے اضافہ کے ذریعے غریب عوام کا جینا نہ صرف مشکل کردیا ہے بلکہ ان سے جینے کا حق بھی چھین لیا۔انھوں نے کہا کہ آٹا بحران جس بندے کی وجہ سے پیدا ہوا اسی کو بحران کی تحقیقات کیلئے سربراہ مقرر کیا گیا جو پی ٹی آئی کی دوغلی پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انھوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں دکھائی ایسا دے رہا ہے کہ ملکی معاشی پالیسیاں ترتیب دینے کا ذمہ آئی ایم ایف کے سپرد کردیا گیا ہے کیونکہ حکومت ان کے اشاروں پر چلتے ہوئے عوام کو مہنگائی اور ملک کو معاشی بد حالی کے طرف دھکیل رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پاس کچکول لے کرنہ جانے کے دعوے کرنے والوں نے ملک کو قرضوں تلے ڈبو دیا۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے غریب عوام سے کئے گئے اپنے تمام دعوں اور وعدوں پر یوٹرن لیتے ہوئے ان کوتاریخ کے بد ترین دور میں دھکیل کرہوشربا مہنگائی و بے روزگاری،تیل مصنوعات،بجلی و گیس بلوں میں ظالمانہ اضافہ اورآٹا و چینی بحران سے دوچار کردیا۔ انھوں نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ نے واضح کردیا کہ کرپشن کے خاتمے کے پرفریب نعرہ کا مقصد اقتدار کے حصول کے سوا کچھ نہیں تھا جو آج ہر شہری پر آشکارہ ہو چکا ہے۔

مقررین نے زیارت کاکاصاحب واقعہ کی شدید الفاظ میں مزمت کی اور مرتکب افراد کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے کہاکہ پختونخوا جمہوری اتحاد عوام کی بھرپور نمائندگی کرتے ہوئے ان کو نااہل حکمرانوں سے چھٹکارہ دلانے کیلئے ہر فورم اور ہر محاذ پرکوشاں رہے گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں