معاون خصوصی برائے معدنیات کا کوئلہ مائنز خیبر میں مزدوروں کے ساتھ پیش آنے والے حادثے کی جائے وقوعہ کا دورہ

منگل 18 فروری 2020 21:58

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2020ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے معدنیات عارف احمدزئی نے کالا خیل کوئلہ مائنز خیبر میں گزشتہ دس نومبر کو مزدوروں کے ساتھ پیش آنے والے حادثے کی جائے وقوعہ کا منگل کے روز دورہ کیا۔ تحصیل باڑہ سے منتخب ممبرقومی اسمبلی اقبال آفریدی اور صوبائی اسمبلی کے منتخب ممبر شفیق آفریدی کے ہمراہ کالا خیل کوئلہ مائنز کے مزدوروں سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی نے ریمارکس دئیے کہ محکمہ معدنیات کی بھرپور کوشش ہے کہ معدنیات سے وابستہ سرمایہ کاروں اور مزدوروں کے لئے خصوصی پیکجز لے آئیں تاکہ اس انڈسٹری سے روزگار کے مواقع، غربت مکاؤ اور صوبے کی آمدن میں اضافہ ممکن ہو سکے۔

سال 2019 میں ایکٹ لے آئے ہیں جبکہ اسی سال اس کے ثمرات بھی نچھلی سطح پر محسوس کئے جاسکیں گے۔

(جاری ہے)

کوئلہ کان حادثہ کے شکار مرحوم نیک محمد کی جسد خاکی کوئلہ کان سے نکالنے پر بات کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا محکمہ معدنیات نے جائے وقوعہ پر مختلف تیکنیکی آلات اور مشینری سے آپریشن جاری رکھا ہوا ہے جس سے کچھ بہتری کی امید کی جا سکتی ہے دوسری جانب اب تک ریسکیو ٹیم کے پندرہ سو اہلکار اس آپریشن میں حصہ لے چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کچھ قدرتی ہلاکتیں ختم تو نہیں کی جا سکتی لیکن اگر حکومت کی جانب سے جو احتیاطی تدابیر دئیے گئے ہیں اس پر عمل کیا جائے تو کم ہو سکتے ہیں۔ معاون معدنیات عارف احمدزئی نے مزدوروں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ٹھیکیدار کی باتوں میں نہ آئیں جس سے آپ کے تحفظ پر سمجھوتا ہو۔ محکمہ معدنیات آپ کی شکایات سننے اور اس کے ازالے کے لئے ہمہ وقت تیا ہے کیونکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام دوستی پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی مزدور کو اجرت کم مل رہی ہو یا کوئی ٹھیکیدار مزدوروں کو بروقت اجرت نہ دے رہا ہو تو متعلقہ حکام کے ساتھ رپورٹ کر لیں۔ مزدور مایوس نہ ہو ں ہر حال میں آپ کے حقوق کو بالارکھیں گے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں