صوبائی اسمبلی میں پیش آنے والا واقعہ افسوسناک اور صوبے کے روایات کے خلاف ہے،سردار حسین بابک

بدھ 19 فروری 2020 23:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 فروری2020ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و ڈپٹی اپوزیشن لیڈر سردار حسین بابک نے صوبائی اسمبلی میں پیش آنے والے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کی اپنی روایات ہیں اور صوبائی اسمبلی ان روایت کی امین اور عملی مثال ہے۔ صوبائی اسمبلی کے ممبران انتہائی ذمہ دار عہدوں پر فائز ہیں۔

صوبائی اسمبلی کے ممبران کو یہ ذہن میں رکھنا چاہئے کہ وہ کروڑوں عوام کے نمائندے ہیں، غلطی جس فریق کی بھی ہو، ممبران اسمبلی کو حالات کو اس نہج پر نہیں پہنچانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سپیکر کو اپنے آئینی حلف پر قائم رہنا چاہئے ۔صوبائی اسمبلی میں سپیکر کیلئے حکومت اور اپوزیشن ممبران ایک جیسے ہوتے ہیں، سپیکرکو حکومتی دبائو میں نہیں آنا چاہیے۔

(جاری ہے)

سپیکر کو چاہیے کہ وہ تمام ممبران کو یکساں نظر سے دیکھیں۔ ڈپٹی اپوزیشن لیڈر سردار حسین بابک نے مزید کہا کہ حکومت نے اپوزیشن کو دیوار سے لگا رکھا ہے۔ صوبے کے وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف جدوجہد کرنا اپوزیشن کا حق اور ذمہ داری ہے۔ حکومت صوبے کے وسائل کو ذاتی جاگیر کی بجائے قوم کی امانت سمجھیں۔ صوبے کے وسائل تمام علاقوں کو ضرورت اور برابری کی بنیاد پر تقسیم ہی انصاف کا تقاضا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس واضح عددی اکثریت کے باوجود حکومتی اراکین کا مشتعل اور حملہ آور ہونا بوکھلاہٹ کی نشانی ہے، حکومت کی ناکامی اور نااہلی چھپانے کیلئے اسمبلی کا ماحول خراب کیا جا رہا ہے اور حکومت عوام کے مسائل کے حل میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ حکومت کو نظر آ رہا ہے کہ عوام ان سے بدظن ہو چکے ہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں