عوامی مسائل سے آگاہی اوردہلیز پر حل اولین ترجیح ہے، ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 22 فروری 2020 00:05

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2020ء) ضلعی انتظامیہ نے پشاور کے علاقے پھندو میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا ۔ کھلی کچہری میںڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغراوراسسٹنٹ کمشنر (صدر) اصلاح الدین سمیت ماتحت محکموں کے افسران ، ڈی سی رضا کار فو رس کے کوارڈینیٹر عامرنواب، ایونٹ منیجر ملک افتخار، ریونیو سٹاف ،عوامی نمائندگان ، عوام اور علاقہ مشران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

پھندو کرکٹ گرائونڈمیں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا تھا۔عوام کی سہولت اور معلومات کے لیے کھلی کچہری سے پہلے علاقے میں اعلانات کروائے گئے تھے ۔ اس موقع پر لوگوں نے افسران کو اپنے مسائل کے بارے میں بتایا ۔کھلی کچہری میں دوخواست کی گئی کہ علاقے میں سڑکوں اور نالیوں کو مرمت کیا جائے کیوں کہ سڑکوںاور نالیوں کی حالت کافی خراب ہے اور نکاسی آب کے مسائل درپیش ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ علاقے میں مردانہ ہائیر سیکنڈری سکول تعمیر کیا جائے اور لڑکیوں کے لیے بھی ہائی سکول کی منظوری دی جائے۔انھوں نے درخواست کی کہ قبرستانوں پرتجاوزات قائم کر دی گئی ہیں اس لیے فوری طور پر تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے اور علاقے کی سبزی منڈی میں فرش او ر دیگر مرمتی کام کیا جائے کیوں کہ بارش میں سبزی منڈی میں کیچڑ کی وجہ سے جانا اور کاروبار کر نا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔

انھوں نے درخواست کی کہ علاقے میں قدیم مغل پل کو پکنک سپاٹ بنایا جائے تاکہ پشاور کے عوام کے لیے تفریح کا باعث بن سکے اور گیس کا پریشر بہت کم ہے اس لیے سوئی گیس کا پریشر زیادہ کیا جائے۔ اس موقع پر دیگر افراد نے بھی اپنے اپنے مسائل کے بارے میں ڈپٹی کمشنر پشاور سے کھل کر بات کی جبکہ اکثر نے ان کو تحریری درخواستیں بھی دیں جس پر انھوں نے موقع پر ہدایات جاری کیں۔

ڈپٹی کمشنر پشاور نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد حکومت و انتظامیہ اور عوام کے درمیان فاصلے کو ختم کر نا ہے اور عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کر نا ہے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے تمام افسران کو شکایات کے حل کی ہدایات جاری کیں اور عوام سے اپیل کی کہ ان کی درخواست اور شکایات پر کاروائی کے بارے میں بعد میں ان کو ضرور آگاہ کریں۔ اس موقع پر لوگوں نے ضلعی انتظامیہ پشاور کا کھلی کچہری کے انعقا د پر شکریہ ادا کیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں