وزیراعلیٰ محمود خان کی ہدایت پر سیاحتی سیزن سے قبل سیاحوں کیلئے اقدامات اٹھانے کا فیصلہ

ہفتہ 22 فروری 2020 00:06

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2020ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور چیف سیکرٹری کاظم نیاز کی خصوصی ہدایات پر سیکرٹری محکمہ سیاحت، کھیل، آثارقدیمہ، میوزیم و امور نوجوانان خوشحال خان نے ہزارہ ڈویژن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کمشنر ہزارہ ظہیر اسلام سے تفصیلی ملاقات کی اور آنے والے سیزن میں صوبے میں سیاحت کے فروغ اورسیاحوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے عملی طور پر مختلف اقدامات کرنے پر اتفاق ہوا، اس موقع پر چیف پلائننگ آفیسر آصف شہاب، منیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا جنید خان، پراجیکٹ ڈائریکٹر کائٹ توصیف خالد، ڈائریکٹر کلچر شمع، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس اسفندیار خٹک، ڈائریکٹر، ڈائریکٹریٹ آف ٹورسٹ سروسز، ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد مغیص ثناء اللہ، ڈپٹی کمشنر ہری پور کیپٹن (ر) ندیم ناصر،ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کیپٹن (ر) اورنگزیب حیدر خان، ڈائریکٹر جنرل کاغان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی، ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈیویلپمنٹ اتھارٹی رضا حبیب اور دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری محکمہ سیاحت خوشحال خان نے کہاکہ آنے والے سیزن میں ہزارہ ڈویژن داخل ہونے والے سیاحوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی جس کیلئے فوری طور پر اقدامات کی ضرورت ہے، اجلاس میں اتفاق ہوا کہ آنے والے سیزن میں خیبرپختونخوا حکومت سیاحوں کی سہولت کیلئے مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں ٹورسٹ سہولت سنٹر فعال کرے گی جبکہ اسکے ساتھ ساتھ ایبٹ آباد میں آرام گاہیں بھی بنائی جائینگی جس میں ٹورازم کارپوریشن زمین خرید کر مستقل بنیاد پر ٹورسٹ آرام گاہیں بنائے گی اس میں ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں دو مختلف مقامات پر زمینیں خریدی جائینگی جس کیلئے سیکشن 4 پہلے ہی مختص مقامات پر لگائے جا چکے ہیں، اس کے علاوہ ٹورازم کارپوریشن ضلعی حکومت مانسہرہ، ایبٹ آباد، گلیات ڈیویلپمنٹ اتھارٹی اور کاغان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کو پورٹیبل واش روم فراہم کریگی، اس موقع پر کمشنر ہزارہ نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کیں کہ واش رومز کی تنصیب کیلئے جلد از جلد جگہوں کا تعین کیا جائے تاکہ مناسب جگہ پر ان کی تنصیب کی جا سکے، اجلاس میں ہزارہ ڈویڑن میں پولی تھین بیگز کی روک تھام اور ٹریفک مسائل کیلئے پارکنگ کی جگہ کا تعین کرنے، تجاوزات کے خاتمے، آنے والے سیزن سے قبل سیاحتی مقامات میں ہوٹلز و ریسٹورنٹس کی مانیٹرنگ، ان میں بیڈز اور رہائش کیلئے کرائے نامہ کا طریقہ کار وضع کرنے، صفائی اور نکاسی آب کے نظام پر سیر حاصل گفتگو ہوئی، سیکرٹری محکمہ سیاحت نے اجلاس سے خطاب میں مزید کہاکہ سیاحوں کیلئے مختلف سیاحتی مقامات پر خوش آمدید سمیت سائن بورڈز، بل بورڈزآویزاں کرنے، براؤشرز، پمفلٹس اورپروموشن بک لیٹس ٹورازم کارپوریشن فراہم کرے گی جبکہ کمشنر نے ڈپٹی کمشنر ز کو ہدایات جاری کیں کہ صفائی مہم اور نکاسی آب کی مد میں صوبائی حکومت سے مدد لی جائے اور حکومت کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر رقم فراہم کی جائیگی تاکہ سیاحوں کو سیز ن میں بہترین سیاحتی سہولیات فراہم کی جائیں، سیکرٹری محکمہ سیاحت خوشحال خان نے کمشنر ہزارہ ڈویژن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اگلے ہفتے مالاکنڈ ڈویژن کا دورہ کیا جائے گا جس کے بعد آنے والے سیزن سے متعلق ایک مربوط پلان تیا ر کرکے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کو پیش کیا جائے گا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں