ڈائریکٹوریٹ ہیلتھ ضم اضلاع ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز خیبرپختونخوا میں ضم

ضم شدہ اضلاع میں صحت منصوبوں کی جلد تکمیل میں مدد ملے گی، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز

ہفتہ 22 فروری 2020 22:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2020ء) محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے ڈائریکٹوریٹ ہیلتھ ضم شدہ اضلاع کو ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز خیبرپختونخوا میں ضم کر دیا ہے۔ اسی طرح سابقہ فرنٹئیر ریجنز میں قائم ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کو متعلقہ اضلاع کے ڈی ایچ اوز کے ماتحت کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں محکمہ صحت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں ڈائریکٹر ہیلتھ ضم شدہ اضلاع کو ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز کے ماتحت کیا گیا ہے اور آئندہ تمام محکمانہ امور سرانجام دہی اور خط وکتابت کے لیے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز خیبرپختونخوا کے دفتر سے رابطہ کرنے کا کہا گیا ہے۔

سیکریٹری صحت کی جانب سے ڈی جی ہیلتھ سروسز کو ڈائریکٹر ہیلتھ ضم اضلاع کا کنٹرولنگ آفیسر مقرر کرنے کے اعلامیے کے ساتھ ساتھ سابقہ ایف آرز میں تعینات ڈپٹی ڈی ایچ اوز کو بھی متعلقہ اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کو رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز خیبرپختونخوا ڈاکٹر طاہر ندیم کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت کے اس انضمام کے بعد قبائلی اضلاع میں صحت کے منصوبوں کی جلد تکمیل اور محکمانہ امور جلد نمٹانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ڈائریکٹوریٹ ہیلتھ ضم اضلاع کے ساتھ مل کر وہاں کی عوام کو بہتر صحت سہولیات کی فراہمی کے لیے کام کریں گے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں