پشاور،محکمہ معدنیات کی ذمہ داری سنبھالتے ہی متعلقہ افسران کو محکمے میں جاری اصلاحاتی عمل کو جلد از جلد لاگو کرنے کی ہدایت

پیر 24 فروری 2020 20:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2020ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے معدنیات عارف احمدزئی نے کہا ہے کہ محکمہ معدنیات کی ذمہ داری سنبھالتے ہی متعلقہ افسران کو محکمے میں جاری اصلاحاتی عمل کو جلد از جلد لاگو کرنے اور اس پر باقاعدگی سے عمل درآمد کرنے کے حوالے سے واضح ہدایات دے چکے ہیں تاکہ وزیرآعظم عمران خان کے وژن کے مطابق خیبرپختونخوا کو اسلامی فلاحی ریاست کا اہم ستون بنایا جاسکے۔

خیبرپختونخوا کو قدرت نے بیش بہا معدنیات سے نوازا ہے لیکن اب اس سے فائدہ اٹھانا ہماری ذمہ داری ہے جس کے حوالے سے محکمہ معدنیات نے اہم پیش رفت کیا ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی نے کوہستان نے منتخب ممبر صوبائی اسمبلی عبدالغفار سے سول سیکرٹریٹ میں ملاقات کرتے وقت کیا۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی عارف احمدزئی نے مزید کہا کہ اس وقت وفاقی حکومت کو کئی اہم چیلنجز کا سامنا ہے جس کے اثرات صوبے میں بھی محسوس کئے جا رہے ہیں لیکن پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ غریب اور امیر کو یکساں سہولیات میسر ہوں۔

انہوں نے واضح کیا کہ مقامی معدنیات پر سب سے پہلا حق مقامی لوگوں کا ہے۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ اپوزیشن کے پراپیگنڈے پر کان نہ دھریں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں