صوبے میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول ہے، وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا

جمعرات 27 فروری 2020 19:54

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2020ء) خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ صوبے میں بیرونی سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول ہے۔ اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل درآمد کرکے صوبے کے محصولات میں اضافہ کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جرمنی کے پاکستان کیلئے سفیر برنہارڈ شگلجک کے ساتھ پشاور میں ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقع پر دوطرفہ باہمی امور اور سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ صوبائی وزیر خزانہ نے سابق جرمن سفیر مارٹن کوبلر کی پاکستان کے مثبت تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے پر ان کی خدمات کو سراہا۔ جرمن سفیر برنارڈ نے کہا کہ وہ بھی اپنے پیش رو کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کے بہتر عالمی تشخص کے لیے اپنی خدمات پیش کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ راولپنڈی سے کراچی تک ریل کے ذریعے سفر کر چکے ہیں، پاکستان میں سیاحت کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔

اس موقع پر صوبائی وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ صوبے میں اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل درآمد کرکے اقتصادی چیلنجز کا کامیابی سے سامنا کیا ہے۔ ان اصلاحات کے صوبے کی اقتصادی صورتحال پر دور رس نتائج مرتب ہوئے ہیں اور صوبے کی ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ صوبے کی تمام آبادی کو صحت انصاف کارڈ فراہم کر رہے ہیں اسی طرح نوجوانوں کو خود مختار بنانے اور ان کی صلاحیتوں کوبہتر ملکی مفاد میں استعمال کرنے کے لیے بلاسود قرضوں کی فراہمی بھی شروع کی جارہی ہے۔

تیمور جھگڑا نے کہا کہ نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی کے لیے خطیر رقم رکھی گئی ہے جو ان علاقوں کے عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے پر خرچ کی جائے گا۔ جرمن سفیر کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورت حال بہتر ہوئی ہے جو کہ یہاں بیرونی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرے گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں