کسی بھی علاقے کی ترقی میں صحافت کا کردار ایک مسلمہ حقیقت ہے ، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمدعمیر

جمعرات 27 فروری 2020 21:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2020ء) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے کہا ہے کہ کسی بھی علاقے کی ترقی میں صحافت کا کردار ایک مسلمہ حقیقت ہے اور ڈیرہ پریس کلب ہمیشہ مثبت صحافت کو فروغ دے کر اپنا کردار بخوبی ادا کر رہا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ شب ڈیرہ پریس کلب کی حلف برداری کی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میںریجنل آفیسر محکمہ اطلاعات قاضی صبغت اللہ، ملک فرحان افضل دھپ، فرہاج سکندر بلوچ، ڈی ایس پی سٹی محمد اقبال بلوچ، قائمقام ڈی ایچ او محکمہ صحت ڈاکٹر عارف محمود، مرکزی انجمن تاجران کے صدر راجہ اختر علی، سابق ایڈوکیٹ جنرل ثناء اللہ شمیم گنڈا پور سمیت معززین علاقہ، سرکاری اداروں کے سربراہان اور سیاسی و سماجی شخصیات اور صحافتی تنظیموں کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے نومنتخب صدر یٰسین قریشی، سینئر نائب صدر صادق نوشاد، نائب صدر ابو المعظم دین محمد ترابی، جنرل سیکرٹری شیخ توقیر اکرم، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری محمد کامران، پریس سیکرٹری گوہر محبوب غنچہ، فنانس سیکرٹری وارث بلوچ اور سرپرست عبدالحمید بلوچ سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔اس موقع پر ڈیرہ پریس کلب کی جانب سے ڈپٹی کمشنر محمد عمیر اور دیگر مہمانوں کو خصوصی شیلڈز دی گئیں اور پریس کلب کے ممبران کو بیجز بھی لگائے گئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے کہا کہ صحافی ذمہ دار لوگ ہیںکوشش کریں کہ قلم کے ذریعے اپنے علاقے اور پاکستان کیلئے کام کریں۔ قلم کے ذریعے صحافیوں کو ہر وہ بات کرنی چاہیے جس سے علاقائی مسائل نہ صرف اجاگر ہوں بلکہ انکے حل میں بھی مدد ملے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے حوالے سے جاری مہم کے وران عوام،پولیو ورکرز، سرکاری اداروں اور سیکورٹی فورسز نے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔

پولیو ویکسین کے دو قطرے پلانے سے نہ صرف ہم اپنی قومی ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں بلکہ اپنے بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض اور عمر بھر کی معذوری سے بچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی صحافیوں نے مسائل کے حل کے حوالے سے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے۔ ہماری کمزوریاں سامنے لائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے، ہمیں اپنے اردگرد صفائی کا بھی خیال رکھنا چاہئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب صدر محمد یاسین قریشی نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ پریس کلب کی بنیاد1970میں رکھی گئی تھی اوراولین تقریب حلف برادری کے مہمان خصوصی اس وقت کے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ تھے اور آج ہمارے لئے خوشی کا مقام ہے کہ ڈیرہ پریس کلب کی50سالہ تقریب کے مہمان خصوصی بھی ڈپٹی کمشنر ڈیرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ پریس کلب نے ہمیشہ مثبت صحافت کو فروغ دیا ہے اور زرد صحافت کے خاتمہ کیلئے صف اول کا کردار ادا کیا ہے۔

صحافیوں کیلئے میڈیا کالونی کے قیام کیلئے انتظامیہ اپنا کردار اداکرے اور صحت کے حوالے سے صحافیوں کو فوری طور پر انصاف صحت کارڈ فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے پاک فوج کی جانب سے ڈیرہ پریس کلب کے چار علیل صحافیوں کیلئے نقد امداد کی فراہمی پر پاک فوج خصوصاً آئی جی ایف سی (سائوتھ) میجر جنرل اظہر اقبال عباسی، سٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر شمریز خان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر سوات میں شہید ہونے والے صحافی محمد جاوید کے قتل کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور حکومت سے قاتلوں کی فوری گرفتاری اور شہید صحافی کو شہداء پیکیج اور پسماندگان کو ہرقسم کے تحفظ و کفالت کا مطالبہ کیا گیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں