سیاحتی فنڈز کے اجراء پر وزیراعظم اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشکور ہیں،احمد حسین شاہ

جمعرات 27 فروری 2020 23:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 فروری2020ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی سید احمد حسین شاہ نے کہا ہے کہ کاغان، ناران اور بالاکوٹ کی عوام اور ان کے نمائندے سیاحتی فنڈز کے اجراء پر وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کے مشکور ہیں کیونکہ اس فنڈ سے علاقے میں سیاحت کی ترقی کے علاوہ سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولتوں کی حالت بھی بہتر ہوگی اور مقامی لوگوں کو روزگار کے وسیع مواقع بھی حاصل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ علاقے میں ترقیاتی کام شروع ہوچکے ہیں اور پی ٹی آئی کے موجودہ دور میں سڑکوں ،پینے کے پانی اور بجلی سمیت کوئی مسئلہ باقی نہیں رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز تحصیل بالاکوٹ میں 90 لاکھ روپے کی لاگت سے بسیاںتاگلڈھیری کرنول تک10 کلومیٹر روڈ اور 50 لاکھ روپے کی لاگت سے گڑھی حبیب اللہ تا برار کوٹ سڑک کی تعمیر و بحالی کے منصوبوں کے افتتاح اور اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

وفاقی پارلیمانی سیکر ٹری وایم این اے صالح محمد خان بھی اس موقع پر معاون خصوصی کے ہمراہ تھے۔ سید احمد حسین شاہ نے کہا کہ علاقے کے عوام نے 2018 کے انتخابات میں پی ٹی آئی کو ووٹ دے کر مجھے اور صالح محمد کو منتخب کیا جبکہ پی ٹی آئی کی قیادت نے یہاں کے عوام کی منتخب کردہ قیادت کو مرکزی اور صوبائی حکومت میں نمائندگی دے کر ترقیاتی کاموں کی صورت میں علاقے کے عوام کی مشکلات دور کرنے کا آغاز کردیا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہارکیاکہ ہم دونوں عوامی نمائندے انشاء اللہ اپنے حلقوں کی محرومیاں ختم کرنے کے لیے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑیں گے اور عوام کے حقوق کا بھرپور طریقے سے دفاع کریں گے۔ احمد حسین شاہ نے بتایا کہ رواں مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل تمام سکیموں پر کام شروع کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تحصیل بالاکوٹ کے میدانی علاقوں میں سڑکوں کے منصوبوں پر آئندہ جون سے قبل کام شروع کر دیا جائے گا۔

جبکہ بالائی علاقوں میں جون کے بعد کام شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حلقے کے تمام مسائل بتدریج حل کیے جائیں گے اور موجودہ مدت کے اختتام تک حلقہ پی کے 30 میں بنیادی سہولتوں کا کوئی مسئلہ باقی نہیں رہے گا۔ سید احمدحسین شاہ نے یقین دلاتے ہوئے کہا کہ حلقہ کے عوام کو درپیش مسائل اور مشکلات دور کرنے کے لیے صوبائی اور مرکزی حکومت سے مالی وسائل حاصل کرنا ہم دونوں عوامی نمائندوں کا اولین فرض ہے جس میں کوئی کوتاہی نہیں کی جائے گی ۔

انہوں نے یقین دلایا کہ علاقے میں تمام ترقیاتی کام عوام کی مشاورت سے ہوں گے اور عوام نے ہمیں ووٹ دے کر جس بھر پور اعتماد کااظہار کیا ہے اسے ہم ہرگز ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔ ایم این اے صالح محمد خان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے بالاکوٹ سے ناران تک سڑک کی مرمت اور بحالی کے لیے 90 کروڑ روپے کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے جس پر جلد کام شروع ہوگا ۔انہوں نے بتایا کہ کاغان فیڈر بھی جلد مکمل کیا جائے گا جس سے کاغان اور ناران میں بجلی کے مسائل حل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے پول اور ٹرانسفارمر بھی تبدیل کیے جا رہے ہیں اور جہاں جہاں ضرورت ہو گی بجلی سمیت تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں