جلوزئی ہاوسنگ سکیم پر تقریباً 80 فیصد تعمیراتی کام مکمل ، دس ہزار کنال اراضی پر محیط ہاوسنگ سکیم کے پلاٹس کا اپریل میں لوگوں کو قبضہ دیا جائیگا، ڈاکٹر امجد علی

جمعہ 28 فروری 2020 21:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 فروری2020ء) خیبرپختونخوا کے وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی نے چیف ایگزیکٹو پیسکو امجدخان سے جمعہ کے روز پیسکو ہیڈکوارٹر پشاور میں ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ہاوسنگ نے پیسکو چیف کو جلوزئی ہاوسنگ سکیم کے لئے گریڈ سٹیشن کا قیام جلد سے جلدعملی بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ جلوزئی ہاوسنگ سکیم پر تقریباً 80 فیصد تعمیراتی کام مکمل کیا جاچکا ہے، دس ہزار کنال اراضی پر محیط ہاوسنگ سکیم کے پلاٹس کا اپریل میں لوگوں کو قبضہ دیا جائیگا، جس کے افتتاح کے لئے وزیر اعظم عمران خان کو دعوت دی جائیگی، جبکہ مستقبل میں ہاؤسنگ سکیم کے ساتھ مزید دو ہزار کنال اراضی شامل کی جائیگی۔

ان کا کہنا تھا کہ جلوزئی ہاؤسنگ سکیم، نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم کا پہلا پراجیکٹ ہوگا جس میں کم آمدن رکھنے والے افراد کے لئے گھروں کی تعمیر کی جائیگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیسکو چیف ہاوسنگ سکیم کے لئے گریڈ اسٹیشن کی فراہمی جلد سے جلد ممکن بنائیں، گریڈ اسٹیشن کی تعمیر میں حکومت کی جانب سے مطلوبہ فنڈز کی فراہمی میں کوئی کمی نہیں آئیگی۔

وزیر ہاوسنگ نے حلقہ پی کے 6 سوات میں بجلی کے مسائل کے حوالے سے بھی بات چیت کی، اور پیسکو چیف کو آگاہ کیا کہ سوات میں بجلی بلوں کی عدم ادائیگی نہ ہونے کے برابر ہے، تاہم اس کے باوجود بعض فیڈرز پر خاص کر شموزئی فیڈر پر لوڈ شیڈنگ شیڈول زیادہ رکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیسکو متعلقہ فیڈرز پر طویل دورانیہ کی لوڈشیڈنگ میں کمی لائے۔ ملاقات میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کبل فور فیڈر جلد سے جلد مکمل کرانے کے ساتھ چین اگمنٹیشن اور ای ایل آر سکیمز پر کام کی رفتار تیز کرانے کے حوالے سے اقدامات اٹھائیں جائیں۔

اس موقع پر محکمہ ہاوسنگ کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ گریڈ اسٹیشن کے لئے ٹرانسمیشن لائن دو سو فٹ پر مشتمل ہاؤسنگ سوسائیٹی کی مرکزی شاہراہ سے گزار کر گریڈ اسٹیشن تک پہنچایا جائیگا۔ گریڈ اسٹیشن کے لئے اراضی پہلے سے مختص کی گئی ہے، جس کے لئے ٹیکنکل فزیبلیٹی اسٹڈی جلد مکمل کرلی جائیگی، اس موقع پر چیف ایکزیکٹیو پیسکو نے وزیر ہاوسنگ کو یقین دہانی کرئی کہ ٹرانسمیشن لائن پر جلد سے جلد کام کا آغاز کردیا جائیگا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں