آفتاب شیرپائو کا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل و مشکلات کے حل کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

انکے حقوق و بہبود اور ترقی و خوشحالی کیلئے ہماری کوششیں جاری رہیں گی ہم صاف ستھری سیاست کے قائل ہیں،ہمارے قول و فعل میں تضاد نہیں جو کہتے ہیں کرکے دکھاتے ہیں،چیئرمین قومی وطن پارٹی

جمعہ 28 فروری 2020 21:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 فروری2020ء) قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل و مشکلات کے حل کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پختون جہاں کئی آباد ہیں ان کے حقوق و بہبود اور ترقی و خوشحالی کیلئے ہماری کوششیں جاری رہیں گی۔انھوں نے کہا کہ ہم صاف ستھری سیاست کے قائل ہیں،ہمارے قول و فعل میں تضاد نہیں جو کہتے ہیں کرکے دکھاتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے سعودی عرب کے شہر ریاض میں سابق گورنر خیبر پختونخوا شہید حیات محمد خان شیرپائو کی 45ویں برسی کی مناسبت سے منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجتماع سے قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو ،کیو ڈبلیو پی اوورسیز ونگ کے کوآرڈی نیٹر حاجی اقبال ودود خان اور متحدہ عرب امارات کے چیئرمین محمد سعید خان بام خیل نے بھی خطاب کیااس موقع پر قومی وطن پارٹی اوورسیز ونگ کے عہدیدار اور کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

آفتاب شیرپائو نے شہید لیڈر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مایوسی و محرومی میں ڈوبی ہوئی پختون قوم کو روشن مستقبل دیااور انھیں اپنے حق کیلئے آواز اٹھانے کے قابل بنایا۔انھوں نے کہا کہ حیات شہید کی طرز سیاست اور سیاسی فکر پختونوں کیلئے مشعل راہ ہے اور انھوں نے اپنی زندگی پختون قوم کی فلاح و بہبود اور روزگار کی فراہمی سمیت ان کے معاشی استحکام کیلئے وقف کررکھی تھی۔

انھوں نے کہا کہ حیات شہید کی عوامی طرزسیاست کا ہر کوئی معترف ہے اور انھوں نے گورنر کا حلف اٹھاتے ہی گورنر ہائوس کے دروازہ ہر عام و خاص کیلئے کھول دیئے۔انھوں نے پی ٹی آئی کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی اقتدار کا عرصہ تقریباً ساڑھے چھ سال سے تجاوز کرگیا ہے لیکن انھوں نے عوام اور باالخصوص نوجوانوں کے ساتھ جو وعدے کئے تھے وہ ایفا نہیں کئے گئے جبکہ صوبہ کی پسماندگی کے خاتمے اور پختونوں کی بہبود کیلئے ان کی کارکردگی اعلانات تک محدود رہی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ گورنر اور وزیراعظم ہائوس کویونیورسٹیوں میں تبدیل کرنے کے دعوے کرنے والوں نے غریب عوام پر مہنگائی،بجلی و گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ کی صورت میں مزید بوجھ ڈال کران سے جینے کا حق بھی چھین لیا۔انھوں نے کہا کہ عوام پی ٹی آئی کی تبدیلی سے اکتا چکی ہے اور وہ ایسی تبدیلی چاہتی ہے کہ جس میںانھیں بنیادی ضروریات کی اشیاء ارزاں نرخوں کے ساتھ ساتھ روزگارکے مواقع میسر ہوں ۔آفتاب شیرپائو نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کائوشوں اور محنت مزدوری کی بدولت نہ صرف ملک کی معیشت کو استحکام مل رہا ہے بلکہ ملکی تشخص اجاگر کرنے میں بھی مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں