ضلعی انتظامیہ کے افسران کا پشاور بھر میں بازاروں کا دورہ۔گرانفروشی و کم وزن روٹی پر 56 گرفتار

بدھ 1 اپریل 2020 00:09

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مارچ2020ء) ضلعی انتظامیہ پشاورکے افسران نے پشاور بھر میں کاروائی کر تے ہوئے گرانفروشی اور کم وزن روٹی پر 56 افراد کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اشفاق خان اور اسسٹنٹ کمشنر نعمان علی شاہ کے ہمراہ نوتھیہ و دیگر بازاروں کا معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران گرانفروشی اور کم وزن روٹی فروخت کرنے پر 14 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر پشاور نے تاجروں کو ہدایت کی کہ سرکاری نرخ ناموں پر سختی سے عمل کریں بصورت دیگر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ پشاور کے افسران نے اندرون شہر، جی ٹی روڈ، دلزاک روڈ، کوہاٹ روڈ، یونیورسٹی روڈ اور حیات آباد سمیت دیگر علاقوں میں فلور ملوں اور آٹا ڈیلروں سمیت مختلف دکانوں کا معائنہ کیا اور گرانفروشی اور کم وزن روٹی اور سرکاری آٹے کی بلیک میں فروخت پر مزید 42 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے تمام انتظامی افسران کوگرانفروشوں کے خلاف سخت کاروائیوں کی ہدایت کی ہے۔ جبکہ گرفتار افراد کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں