لاک ڈائون کے باعث سندھ، بلوچستان اور ملک کے دیگر حصوں میں محصور لوگوں کو اپنے آبائی اضلاع پہنچانے کیلئے ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جائے، قومی وطن پارٹی

جمعہ 3 اپریل 2020 23:02

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اپریل2020ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی سینئر وائس چیئرمین طارق احمد خان ،کیو ڈبلیو ضلع شانگلہ کے رہنماء شاہ سعود ایڈوکیٹ،سوات کے چیئرمین شیربہادرزادہ خان اور لوئر دیر کے چیئرمین بادشاہ حسین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ لاک ڈائون کے باعث صوبہ سندھ و بلوچستان اور ملک کے دیگر حصوں میں محصور لوگوں کو اپنے آبائی اضلاع پہنچانے کیلئے ان کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جائے۔

اپنے ایک مشترکہ بیان میں انھوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے افراد محنت مزدوری کیلئے بلوچستان اور سندھ میں قیام پزیر ہیں جن کو حکومت کی طرف سے اعلان کردہ لاک ڈائون کی وجہ سے اپنے گھروں واپس آنا ناممکن ہو گیا ہے انھوں نے کہا کہ محصورین میں زیادہ مزدوروں کی تعداد شانگلہ،سوات،دیر،ملاکنڈ اور باجوڑ سے ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ہمارے پختون بھائی محنت مزدوری اور اپنے بال بچوں کا پیٹ پالنے کی غرض سے ملک کے بیشتر صوبوں میں آباد ہیں اور اب حالیہ کرونا وائرس کی بدولت ہونے والی لاک ڈائون میں وہاں پر محصور ہو کر رہ گئے ہیں اور اپنے آبائی اضلاع واپس آنے کیلئے ٹرانسپورٹ وغیرہ کی کوئی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے شدید پریشانی اور محرومی کا شکار ہیں لہٰذا حکومت ان مزدوروں اور کاروباری غریب طبقہ کی پریشانیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے انھیں اپنے آبائی اضلاع تک پہنچانے کیلئے ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کا بندوبست کیاجائے تاکہ ان کی پریشانیوں کا ازالہ کیا جا سکے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں