بلوچستان میں ینگ ڈاکٹرز پر احتجاج کے دوران لاٹھی چارج اور انکی گرفتار ی قابل مذمت ہے، اسفندیارولی خان

اس وقت پاکستان بھر میں ڈاکٹرز اور دیگر پیرامیڈیکل سٹاف اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر انسانی زندگیاں بچانے میں مصروف ہیں ان پر تشدد افسوسناک اور تشویشناک ہے

پیر 6 اپریل 2020 23:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اپریل2020ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ینگ ڈاکٹرز پر احتجاج کے دوران لاٹھی چارج اور انکی گرفتار ی قابل مذمت ہے، اس وقت پاکستان بھر میں ڈاکٹرز اور دیگر پیرامیڈیکل سٹاف اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر انسانی زندگیاں بچانے میں مصروف ہیں، ان حالات میں ان پر تشدد افسوسناک اور تشویشناک ہے۔

(جاری ہے)

ولی باغ چارسدہ سے جاری بیان میں اے این پی سربراہ نے کہا ہے کہ حفاظتی کٹس یا دیگر سامان کا مطالبہ کوئی ناجائز مطالبہ نہیں ، صوبائی حکومت ان مطالبات کو فوری مان کر انکی زندگیوں کو مزید خطرے میں ڈالنے سے گریز کریں۔ اس سلسلے میں عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کو بھی ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ ڈاکٹرز اور حکومتی ذمہ داران کے ساتھ مل بیٹھ کر مسائل کو حل کریں، اے این پی ڈاکٹرز کے مطالبات کی حمایت کرتی ہے اور حکومت بلوچستان سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ گرفتار ڈاکٹرز کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ اسفندیارولی خان کا مزید کہنا تھا کہ یہ وقت ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو خراج تحسین پیش کرنے کا ہے، ان کے حوصلے بڑھانے ہوں گے، لاٹھی چارج افسوسناک ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں