حکومت باہر ملکوں میں مقیم باشندوں کو فی الفور واپس لانے کیلئے انتظامات کو یقینی بنائیں،سردار حسین بابک

لاک ڈاون کی وجہ سے باہر مقیم پاکستانی بخوشی وطن واپس آنے چاہتے ہیں ،حکومت غیر سنجیدہ رویہ ترک کرکے اُن پاکستانیوں کے واپسی کیلئے انتظامات کرنے چاہیے،اے این پی صوبائی جنرل سیکرٹری

جمعرات 9 اپریل 2020 00:07

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2020ء) اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و ڈپٹی اپوزیشن لیڈر خیبرپختونخوا اسمبلی سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ حکومت باہر ملکوں میں مقیم باشندوں کو فی الفور واپس لانے کیلئے انتظامات کو یقینی بنائیں،باہر ملکوں سے روزانہ ہزاروں کی تعداد میں ملک واپسی کیلئے وہاں پر مقیم پاکستانی اپنے آپ کو رجسٹر کررہے ہیں لیکن تاحال اُن کی واپسی کیلئے انتظامات نہیں کیے جارہے۔

باچا خان مرکز پشاور سے جاری اپنے بیان میں سردار حسین بابک نے کہا کہ باہر ملکوں میں مقیم اکثریت اُن پاکستانیوں کی ہے جو محنت مزدوری کیلئے گئے ہیں ،لیکن لاک ڈاون کی وجہ سے اب وہ پاکستانی بخوشی وطن واپس آنے چاہتے ہیں اور وطن واپسی کیلئے وہ مسافر بے تاب ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ باہر ملکوں میں مقیم پاکستانیوں نے اس غرض سے اپنی رجسٹریشن پاکستانی سفارتخانوں میں کی ہے کہ وہ ملک واپس آنا چاہتے ہیں،حکومت کو اب غیر سنجیدہ رویہ ترک کرکے اُن پاکستانیوں کے واپسی کیلئے انتظامات کرنے چاہیے۔

سردار حسین بابک نے کہا کہ مختلف ملکوں میں مقیم پاکستانی آئے روز اُن ملکوں میں پاکستانی سفارتخانوں کے باہر احتجاجی مظاہرے کررہے ہیں اور اپنے گھروں کو واپسی کا مطالبہ کررہے ہیں کیونکہ باہر ملکوں میں مقیم پاکستانیوں کو اس وقت کرایوں اور کھانے پینے کے مسائل درپیش ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت اُن پاکستانیوں کی واپسی کو یقینی بنائیں جو اربوں روپے کی شکل میں باہر ملکوں سے پاکستان کو زرمبادلہ بھیجتے ہیں ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں