کوہاٹ پولیس کے افسروں اور جوانوں کیلئے توصیفی اسناد

ہفتہ 30 مئی 2020 20:24

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2020ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے سنٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقدہ ایک تقریب میںکوہاٹ پولیس کے افسروں اور جوانوں کو مختلف واقعات میں دہشت گردوں، بھتہ خوروں اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر توصیفی اسناد سے نوازا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ کوہاٹ پولیس نے منظم جرائم پیشہ افرادکے خلاف اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کر تے ہوئے مختصر وقت میں جو کامیابیاں حاصل کی ہیں وہ ان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ آئی جی پی نے اٴْمید ظاہر کی کہ کوہاٹ پولیس آئندہ بھی جرائم پیشہ افراد کو دندان شکن جواب دیکر فورس کا نام مزید روشن کرے گی۔

(جاری ہے)

آئی جی پی نے کوہاٹ پولیس کی دہشت گردی، منشیات اور سملنگ کو موثر انداز میں نمٹنے کے لیے اٴْٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور اٴْن کو ہدایت دی کہ ان معاشرے کے ناسوروں کے خلاف کاروائی میں مزید تیزی لائی جائے۔آئی جی پی سے توصیفی اسناد حاصل کرنے والوں میں ڈی آئی جی کوہاٹ طیب حفیظ چیمہ، ڈی پی او کوہاٹ منصور امان، ایس پی آپریشن کوہاٹ طاہر اقبال، ایس ڈی پی او سٹی کوہاٹ بشیر داد خان، ایس ڈی پی لاچی نذر حسین ، ایس ایچ او ایم آر ایس کوہاٹ اسلام دین ، ایس ایچ او جرما کوہاٹ قسمت خان ، ایس ایچ او سٹی کوہاٹ فیاض خان اور ایس ایچ او کینٹ کوہاٹ عرفان آفریدی شامل ہیں۔

علاوہ ازیں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی کو درہ آدم خیل کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔آئی جی پی نے کہا کہ غیر قانونی اسلحہ کی سمگلنگ کو روکا جائے ۔ڈی آئی جی کوہاٹ ریجن نے بتایا کہ کہ درہ آدم خیل میں پولیس اسٹیشن کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ آٹھ پولیس چوکیوں پر بھی پولیس تعینات کردی گئی ہے جس سے پورے درہ آدم خیل میں پولیس کی عملداری کا آغاز ہو چکا ہے۔

آئی جی پی کو درہ آدم خیل کو غیر قانی اسلحہ سے مکمل طور پر پاک کرنے کے بارے میں آگاہ کیا گیا اور بتایا گیاکہ اس ضمن میں انتہائی اہم کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں اور یکم جنوری 2020 سے لے کر اب تک مختلف کارروائیوں میں 300 سے زائد پستول، پچاس سے زائد کلاشنکوف اور دیگر اسلحے کے علاوہ 35 ہزار کے قریب راونڈ برآمد کیے گئے ہیں،انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے ان تمام اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا اور توقع ظاہر کی کہ کوہاٹ پولیس درہ آدم خیل میں اسلحہ کی سمگلنگ کے گھنائو نے کاروبار کو ختم کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کریگی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں