کورونا کے بعد یونیورسٹیوںاور کالجز میں نئے جذبے اور نئے ولولے کے ساتھ تعلیمی سرگرمیاں شروع ہوں گی،خلیق الرحمان

بدھ 1 جولائی 2020 23:58

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2020ء) وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے اعلیٰ تعلیم میاں خلیق الرحمن نے کہا ہے کہ کورونا کے بعد یونیورسٹیوںاور کالجز میں نئے جذبے اور نئے ولولے کے ساتھ تعلیمی سرگرمیاں شروع ہوں گی۔ محکمہ اعلیٰ تعلیم میں انٹرمیڈیٹ کے داخلوں کے بعدبی ایس چار سالہ پروگرام کے داخلے بھی امسال آن لائن ہوں گے۔

ایٹا کو ازسر نو فعال کردیا گیا ہے۔ ایٹا کے استعداد کو بڑھا کر آئندہ خیبر پختونخوا کی تمام بھرتیاں ایٹا کے ذریعے کرائی جائیگی۔ صوبے کے تمام کالجز میں ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کرکے فعال کردیا جائیگا۔ 1900 نئی تخلیق کردہ کالج اساتذہ کی آسامیوں سے کالجز سطح پر بی ایس چار سالہ ڈگری پروگرام مذید مربوط بن جائیگا۔

(جاری ہے)

گورنمنٹ گرلز اور بوائز کالجز کے پرنسپلز کے لئے باقاعدہ انٹرویو منعقد ہوں گے۔

پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل افراد کو انتظامی ذمہ داریاں تفویض کی جائیگی۔ محکمہ اعلیٰ تعلیم کو جلد از جلد جدید رحجانات سے ہم آہنگ کردیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اپنے دفتر میں مختلف وفود، ممبران صوبائی و قومی اسمبلی سے ملاقات اور محکمہ اعلیٰ تعلیم کے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ممبران صوبائی اسمبلی وقار احمد خان، ارباب وسیم حیات، محمد اعظم خان اور ممبر قومی اسمبلی جواد حسین نے مشیر اعلیٰ تعلیم سے ملاقات کی اور اپنے حلقے کے کالجز کی صورتحال پر ان سے بات چیت کی۔

مشیر اعلیٰ تعلیم میاں خلیق الرحمن نے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کو یقین دھانی کرائی کہ صوبے کے تمام کالجز کو جلد فعال کردیا جائیگا۔ اور نئے کالجز میں تدریسی عمل جلد شروع کردیا جائیگا۔ انہوں نے محکمہ اعلیٰ تعلیم کے اعلیٰ حکام کے اجلاس کی صدارت کی۔ جس میں ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن پروفیسر ظہور الحق نے مشیر اعلیٰ تعلیم میاں خلیق الرحمن کو صوبے کے بشمول ضم اضلاع کے کالجز کے حوالے سے بریفنگ دی اور کالجز میں تدریسی اور انتظامی امور کے حوالے سے معلومات فراہم کی۔

مشیر اعلیٰ تعلیم نے صوبے کے تمام کالجز میں جاری سکیموں کی جلد تکمیل کے ان کے پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ طلب کی۔ مشیر اعلیٰ تعلیم میاں خلیق الرحمن نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ اور اس ضمن میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود ضم قبائلی اضلاع کے کالجز کا دورہ کرکے وہاں پر کالجز میں تدریسی سہولیات کا جائزہ لیں گے۔

انہوں نے محکمہ اعلیٰ تعلیم کے حکام کو ہدایت کی ان تمام کالجز کو جلد از جلد فعال بنایا جائیں جو معمولی کاموں کی وجہ سے غیر فعال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ تمام بھرتیاں ایٹا کے ذریعے کی جائیگی۔ جس سے ایٹا اور صوبے کا وقار بڑھے گا۔ اس موقع پر محکمہ اعلیٰ تعلیم کے حکا م نے امسال انٹر میڈیٹ اور بی ایس چار سالہ ڈگری پروگرام کے تمام آن لائن داخلوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ جس پر مشیر اعلیٰ تعلیم نے اطمینان کا اظہارکیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں