ی* معاون خصوصی کامران بنگش کاشالیمار باغ کی احیاء کے سلسلے میں شالیمار باغ کا دورہ

اتوار 5 جولائی 2020 20:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جولائی2020ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش نے پشاور کے تاریخی اور پرانے تفریحی پوائنٹ شالیمار باغ کی احیاء کے سلسلے میں شالیمار باغ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ٹاؤن ون پشاور کے تحصیل میونسپل آفیسر سلیم خان کی جانب سے معاون بلدیات کو خصوصی بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں معاونِ وزیراعلیٰ کامران بنگش کو بتایا گیا کہ شالیمار باغ کی احیاء پر تیزی سے کام جاری ہے۔

پردہ باغ، کمپنی باغ اور فن لینڈ کو ضم کرکے اس کے ساتھ مزید 63 کنال زمین شامل کی جا رہی ہے تاکہ شالیمار باغ کی صحیح معنوں میں احیاء ممکن ہو سکے۔ ٹی ایم او سلیم خان نے بتایا کہ دیگر چھوٹے چھوٹے پارکس کو ضم کرکے شالیمار باغ مکمل طور ایک بہترین پارک بن جائے گا۔

(جاری ہے)

معاونِ بلدیات کو بریفنگ دیتے ہوئے متعلقہ حکام نے آگاہ کیا کہ مذکورہ پارک کے احیاء سلسلے میں تمام قبضہ جات اور تجاوزات کو ختم کر دیا گیا ہے۔

عوام کو دی جانے والی سہولیات کے حوالے سے بتایا گیا کہ یہاں پر جدید دور کا واک ٹریک، اوپن ائیر جم سمیت تمام دیگر تفریحی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون بلدیات کامران بنگش نے دورہ شالیمار باغ کے موقع پر ریمارکس دیئے کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور جدید دور میں پشاور کے شہریوں کے لیے حقیقی معنوں میں تفریحی اور ورزشی مقامات کی اشد ضرورت ہے اس سلسلے میں شالیمار باغ کسی حد تک اس ضرورت کو پورا کر پائے گا۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات کی کوشش ہے کہ پشاور میں پہلے سے موجود پارکس کو فعال بنایا جائے جبکہ نئے پارکس کے لیے بھی زمین ہموار کی جا رہی ہے بہت جلد مزید پارکس بھی بنائے جائیں گے۔شالیمار باغ کے مختلف سیکشنز کا دورہ کرتے ہوئے کامران بنگش نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے بلکہ ایمرجنسی بنیاد پر کام کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین اور بچوں کے لیے شالیمار باغ میں سہولیات کا خصوصی خیال رکھا جائے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں