پولیو فری پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں،تیمور جھگڑا

تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں،سب کو ایمانداری، خود انصافی اور پہلے سے زیادہ محنت کرنا ہو گی،وزیرصحت

پیر 6 جولائی 2020 22:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جولائی2020ء) خیبر پختونخوا کے وزیرصحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے کہا ہے کہ پولیو عفریت سے چھٹکارا حاصل کرنے اور پولیو فری پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں۔ اس مقصد کے حصول کے لیے ہم سب کو ایمانداری، خود انصافی اور پہلے سے زیادہ محنت کرنا ہو گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد پولیو کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر نیاز محمد، اسپیشل سیکریٹری ہیلتھ میاں عادل اقبال، ڈاکٹر امتیاز شاہ اور ڈاکٹر اعجاز شاہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایمرجنسی آپریشن سینٹر خیبرپختونخوا کے کوآرڈینیٹر عبدالباسط نے انسداد پولیو کے حوالے سے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایا گیا کہ رواں ماہ 20 جولائی سے جنوبی وزیرستان میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم چلائی جائے گی جس کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ اجلاس میں انسداد پولیو میں حائل سماجی، معاشرتی اور انتظامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر صحت تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ پولیو وائرس کا خاتمہ اور پولیو فری پاکستان حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

پولیو فری پاکستان کے لیے معاشرے کے تمام طبقات بشمول محکمہ صحت و ذیلی اداروں کی جانب سے سنجیدہ کوششیں کرنی ہوں گی۔ تیمور جھگڑا کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے حکام سے کہنا تھا کہ وہ پولیو مہم اور پولیو خاتمے میں حائل رکاوٹوں کے حوالے سے حکومت کو فوراً آگاہ کریں۔ پولیو مہم کے بعد منعقد ہونے والے اعلیٰ سطح اجلاس کے حوالے سے وزیر صحت کا کہنا تھا کہ وہ خود اس کی صدارت کیا کریں گے اور تمام اقدامات اور اعداد وشمار کا جائزہ لیں گے۔ وزیر صحت کا کہنا تھا کہ پولیو ورکرز کا کام لائق تحسین ہے اور ہر فورم پر ان کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں