شانگلہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،شوکت یوسفزئی

جس منصوبے میں بھی غیر معیاری میٹریل کا استعمال پایا گیا اس کے ٹھیکیدار کے خلاف سخت ایکشن لیا جائیگا،وزیر محنت و ثقافت خیبر پختونخوا

پیر 6 جولائی 2020 22:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جولائی2020ء) خیبرپختونخوا کے وزیر محنت اور ثقافت شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ شانگلہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جس منصوبے میں بھی غیر معیاری میٹریل کا استعمال پایا گیا اس کے ٹھیکیدار کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

میں خود بھی تمام منصوبوں کی نگرانی کر رہا ہوں اور عوام کو اگر ان منصوبوں کے حوالے سے کوئی شکایت ہو تو متعلقہ محکموں یا مجھ سے رابطہ کرے تاکہ ذمہ داروں کے خلاف بروقت کارروائی کی جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ شانگلہ کے دوران مختلف مقامات پر جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے اپنے دورے کے دوران پارٹی ورکروں سے ملاقاتیں کیں اور علاقے میں جاری ترقیاتی کاموں اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

شوکت یوسفزئی نے مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں، سڑکوں پر جاری کام، پانی کی سکیموں اور کوڑمنگ پل کا بھی دورہ کیا۔ شوکت یوسفزئی نے کوڑمنگ پل اور رانیال پل پر کام کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان پلوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے کیونکہ یہ ایرا کے فنڈز سے منظور ہوئے تھے اور اس کا بہت وقت ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں ابادی بہت زیادہ ہے اور ان پلوں کے مکمل نہ ہونے سے عوام کو بہت تکلیف پہنچ رہی ہے ان پلوں کی تکمیل کے لیے ایرا نے فنڈز جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اس لیے ٹھکیدار ان پلوں کو جلد از جلد مکمل کریں۔

صوبائی وزیر نے اپنے دورہ شانگلہ کے دوران پاکستان تحریک انصاف شانگلہ کے سنیئر ورکر روشن علی کے بیٹے، محمد خان کے بیٹے انجنئیر افتخار اور الیاس خان کے بیٹے کی شادی کی تقاریب میں شرکت کی اور قومی وطن پارٹی شانگلہ کے سنئیر رہنما نعیم شاہین کی والدہ کی وفات اور بشام میں حاجی طیب کی وفات پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی میں بھی شریک ہوئے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں