مسئلہ کشمیر کو انسانی حقوق کی بنیاد پر حل کیا جائے، محمد فائق شاہ

بھارت اس سال 1595 بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی اور 14 شہریوں کو شہید کر چکا ہے ‘ چیئرمین امن ترقی پارٹی

پیر 6 جولائی 2020 22:34

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جولائی2020ء) چیئرمین امن ترقی پارٹی محمد فائق شاہ نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ،اشتعال انگیزی اور شہریوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سال 1595 مرتبہ سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کر چکا ہے، مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

سرحدی علاقوں میں 14 شہری اور بچے شہید ہو چکے جبکہ وادی میں سینکڑوں نوجوانوں، بچوں اور خواتین کو شہید کیا گیا ہے، عالمی ادارے اور ممالک سوئے ہیں اور ہمارے حکمران ان حالات میں بھی سفارت کاری کا اہم کردار کرنے سے قاصر ہیں، محمد فائق شاہ نے کہا کہ ایک جارحانہ اور ماہرانہ سفارت کاری سے کورونا کے دوران کام کرنے کی ضرورت ہے ہمارے وزیر خارجہ قرنطینہ میں ہیں بلکہ پوری کشمیر پالیسی قرنطینہ سینٹر میں ڈال دی گئی ہے، محمد فائق شاہ نے بھارتی ظلم و استبداد کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ، اسلامی سربراہی کانفرنس، عالمی طاقتوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری کردار ادا کریں اور بھارت کو روکا جائے وہ اسلحہ اور بارود کا انبار لگا رہا ہے، اس سے دنیا کا امن، امریکہ افغان معاہدے اور خطے کی ڈیڑھ ارب آبادی کو شدید خطرات لاحق ہیں انہوں نے کہا کہ جنگ شروع ہو گئی تو پوری دنیا اس کی لپیٹ میں آئے گی، اس لئے مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کو انسانی حقوق کی بنیاد پر حل کیا جائے، امن ترقی پارٹی اندرون اور بیرون ملک ہر فورم پر آواز بلند کرے گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں