محکمہ لائیو سٹاک کے بہتر اقدامات کی بدولت صوبے میں عید الاضحی کے

دوران کانگو وائرس کا کوئی کیس رونما نہیں ہوا ۔ محب الله خان

جمعرات 6 اگست 2020 22:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اگست2020ء) خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت و لائیو سٹاک محب الله خان نے صوبہ بھر میں لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کی کارکردگی اور خاص طور پر عید الاضحی کے موقع پر کانگو بخار کی روک تھام کی کوششوں کے حوالے سے پشاور میں ایک اجلاس کی صدارت کی۔ جس میں سیکرٹری زراعت و لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد اسرار خان، ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک (توسیع) ڈاکٹر عالم زیب مہمند اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے ۔

وزیر زراعت نے عید الاضحی سے قبل کانگو بخار کی روک تھام سے متعلق دی گئی ہدایات پر عمل درآمد کا جائزہ لیا اور محکمہ کے اقدامات کو سراہا ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کانگو بخار چچڑوں کے ذریعے جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہونے والی بیماری ہے ۔

(جاری ہے)

عید الاضحی کے موقع پر جانوروں کی نقل و حرکت میں اضافے کے ساتھ کانگو بخار کے پھیلنے کا خدشہ زیادہ ہوتا ہے اور ہر سال صوبہ بھر اور ملک میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب اور متاثرہ مریض میں تیزبخار ، جوڑوں اور سردرد ، متلی اور اسہال کا باعث بنتا ہے ۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ لائیو سٹاک اور ڈیری ڈویلپمنٹ نے کانگو بخار سے بچائو کے لئے صوبہ بھر بشمول ضم اضلاع میں وسیع پیمانے پر آگاہی مہم چلائی اور منڈیوں میں چیچڑ مار سپرے کیا اور اس ضمن میں صوبے کے تمام اضلاع میں 1366ملازمین نے اس مہم حصہ لیااور اس سلسلے میں بین الصوبائی اور بین الاضلاعی ، داخلی و خارجی راستوں پر 244چیک پوسٹیں قائم کی گئی تھیں جہاں پر جانوروں اور گاڑیوں پر سپرے کیا گیا جبکہ مجموعی طور پر صوبہ بھر میں 32لاکھ 34ہزاروں اور ایک لاکھ 74ہزار گاڑیوں پر سپرے کیا ، اس مہم میں 60موبائل وٹرنری کلینکس نے کام کیا ۔

صوبائی وزیر کو بتایا گیا امسال محکمہ لائیو سٹاک ایڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کی کوششوں سے صوبہ بھر میں کانگو بخار کا ایک کیس بھی سامنے نہیں آیا اور کسی قیمتی جان کا نقصان نہیں ہوا ۔ صوبائی وزیر نے محکمہ اور افسران کے مثبت کاوشو ںکو سراہا اور احکامات جاری کئے کہ تسلسل سے کانگو کے خلاف مہم کو جاری رکھا جائے ، مویشی منڈیوں میں موبائل وٹرنری ، کلینکس کے تحت جانوروں کے علاج و معالجے کو یقینی بنایا جائے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ مویشی پال کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے دن رات کام کیا جائے تاکہ کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہوکر آرام او ر سکون سے زندگی بسر کر سکیں

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں