ج*حکومت پشاور میں بجلی ٹرپنگ کا مسئلہ حل نہیں کر رہی‘ ارباب فاروق جان

ٹرپنگ معمول بن گئی‘ عوام شدید مشکلات کا شکار ‘ برقی آلات ناکارہ‘ حکومت مسائل حل کرنے پر کان نہیں دھرتی کوٹلہ محسن خان میں ٹرپنگ کا مسئلہ فوری حل نہ کیا گیا تو اہل علاقہ کوہاٹ روڈ اور رنگ روڈ بلاک کرنے پر مجبور ہو ںگے )کوٹلہ محسن خان اور شیخ محمدی گرڈ سٹیشن میں ہیوی ٹرانسفارمر نصب کئے جائیں تو بجلی ٹرپنگ کا مسئلہ حل ہو سکتا ہے ×تین چار فیڈرز کو رحمن بابا گرڈ سٹیشن منتقل کرنے سے بھی کوٹلہ محسن خان گرڈ سٹیشن پر بجلی کے دبائو کو کم کیا جا سکتا ہے

اتوار 9 اگست 2020 20:00

[ پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اگست2020ء) پشاور میں بجلی کے مسائل نے سنگین صورت اختیار کر لی ہے‘ ناروا لوڈ شیڈنگ‘ بجلی ٹرپنگ اور کم وولٹیج کے مسائل حل ہونے کی بجائے مزید شدت اختیار کرتے جا رہے ہیں۔ کوٹلہ محسن خان‘ بھانہ ماڑی‘ نوتھیہ‘ گلبرگ‘ نواں کلی‘ لنڈی ارباب‘ سواتی پھاٹک‘ منکرائو اور چرخہ خیل کے عوام کا جینا مشکل کر دیا‘ بجلی کی ٹرپنگ روز کا معمول بن گیا ہے جس سے لاکھوں روپے کے برقی آلات جل کر ناکارہ ہو گئے ہیں جبکہ شدید گرمی سے اہل علاقہ کی راتوں کی نیند بھی حرام ہو گئی۔

چونکہ کوٹلہ محسن خان گرڈ سٹیشن سے حیات آباد تک بجلی کی ترسیل ہوتی ہے اس کی وجہ سے اس پر بجلی کا لوڈ بہت زیادہ ہو گیا ہے جس کا حکومت کوئی مستقل حل نہیں نکال رہی جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام کے رہنما ارباب محمد فاروق جان نے عوامی شکایات پر ایک اخباری بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اہل علاقہ شدید غم و غصے کا شکار ہیں اور اگر اس مسئلہ کو ہنگامی بنیادوں پر حل نہ کیا گیا تو کوہاٹ روڈ اور رنگ روڈ کو بلاک کرنے پر مجبور ہو جائیں گے جس سے پورے شہر کی ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتی یہی وجہ ہے کہ بار بار کی شکایات کے باوجود کوٹلہ محسن خان سے منسلک علاقوں میں بجلی کے مسائل میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ارباب فاروق جان نے کہا کہ اس مسئلے کے حل کے لئے میں نے الیکٹرک انجینئروں سے مشاورت کی ہے جنہوں نے اس مسئلے کے حل کے لئے دو تجاویز دی ہیں‘ ایک تجویز یہ ہے کہ واپڈا خیبر پختونخواہ کے پاس تین چار ارب روپے بجلی کے مسائل حل کرنے کے لئے مختص ہیں اس رقم سے واپڈا کوٹلہ محسن خان اور شیخ محمدی میں ہیوی ٹرانسفارمر جس کی مالیت تقریباً 25 لاکھ روپے ہے‘ نصب کرے تو بجلی ٹرپنگ کا مسئلہ حل ہو سکتا ہے۔

دوسری تجویز یہ ہے کہ کوٹلہ محسن خان گرڈ سٹیشن پر چونکہ بجلی کا بہت دبائو ہے اس لئے اس گرڈ سٹیشن سے تین چار فیڈر رحمن بابا گرڈ سٹیشن منتقل کئے جائیں تو بجلی کا یہ دبائو کم ہو جائے گا جس سے یہ ٹرپنگ کا یہ مسئلہ مستقل طور پر حل ہو جائے گا

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں