درخت گلوبل وارمنگ کے تدارک اور قومی خوشحالی کا سبب بنتے ہیں،علی امین گنڈا پور

درخت گلوبل وارمنگ کے تدارک اور قومی خوشحالی کا سبب بنتے ہیںدرخت لگانے سے عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی،وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان

اتوار 9 اگست 2020 20:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2020ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈہ پور نے کہا ہے کہ درخت گلوبل وارمنگ کے تدارک اور قومی خوشحالی کا سبب بنتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ملک بھر میںجاری "ٹائیگر فورس ٹری پلانٹیشن ڈی" کے دوران دھپ چھپک کے مقام پر پودا لگانے کے موقع پر کیا۔اس موقع پر کمشنر ڈیرہ ڈویژن یحییٰ اخونزادہ، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نور عالم محسود، ڈی ایف او فاڑسٹ ڈویژن ڈی آئی خان نعمان وزیر،اسٹنٹ کمشنرزسمیت کثیر تعداد میں ٹائیگر فورس کے رضاکاروں نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر علی امین گنڈہ پور نے کہا کہ درخت گلوبل وارمنگ کے تدارک اور قومی خوشحالی کا سبب بنتے ہیںدرخت لگانے سے عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے پانچ سال کے دوران جو دس ارب پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں کافی تعداد میں شجر کاری مہمات بھی چلائی گئی ہیں جس کی وجہ سے دن بہ دن بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے تدارک میں کافی حد تک کمی واقع ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ملک بھر میں پانچ سال کے دوران دس ارب پودے لگائے جائیں گے اور ٹائیگر فورس ٹری پلانٹیشن ڈے کا انعقاد بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بھی جہاں ایک طرف رواں شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے وہیں مہم کے دوران لگائے گئے اور پہلے سے موجود درختوں کی حفاظت کر کے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

اس موقع پر دھپ چھیک کے مقام پر علاقہ کچہ کے لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچے کی آبادی کو سیلاب سے محفوظ بنانے کیلئے حفا ظتی سپر کی منظوری دی جا چکی ہے اور جلد ہی اس پر ابتدائی کام شروع کر دیا جائیگا۔اس کے علاوہ کچے کی عوام کو رسل و رسائل کی سہولیات بہم پہنچانے کیلئے 26کلومیٹر طویل پختہ سڑکیں بھی تعمیر کی جائیں گی ۔بعد ازاں وفاقی وزیر علی امین گنڈہ پور اور کمشنر ڈیرہ یحییٰ اخونزادہ نے قریشی موڑ کے قریب منتخب سائٹ پر پودے لگا کر اربن پلانٹیشن کا بھی افتتاح کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈیرہ یحییٰ اخونزادہ نے کہا کہ ٹائیگر فورس ٹری پلانٹیشن ڈے کے موقع پر ڈیرہ اسماعیل خان فارسٹ ڈویژن میں ڈیڑھ لاکھ کے قریب پودے لگائے جا رہے ہیں جس میں مختلف محکموں کے علاوہ ٹائیگر فورس کے رضا کار بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ رواں شجرکاری مہم میں جہاں ایک طرف دھپ چھپک کے مقام پر جنگلات کو وسیع کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے وہیں ڈیرہ اسماعیل خان کنٹونمنٹ اور شہر کے دیگر عوامی مقامات پر پھلدار اورآرائشی پودے لگائے جا رہے ہیں۔

قریشی موڑ چوک جو کہ ڈیرہ اسماعیل خان شہر کے انٹری پوائنٹ کی حیثیت رکھتا ہے وہاں پر بھی پھلدار اورآرائشی درخت لگائے جا رہے ہیں جبکہ چوک کے اطراف میں کھجور کے درخت لگانے کے ساتھ ساتھ حفاظتی باڑ بھی لگائی جا رہی ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ رواں شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ سرسبز و شاداب پاکستان کا خواب جلد شرمندہ تعبیر ہو پائے۔

اسی طرح فارسٹ ڈویژن سائوتھ کی جانب سے بھی ٹائیگر فورس ٹری پلانٹیشن ڈے کے حوالے سے مختلف مقامات پر تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔مرکزی تقریب اوسپنئی کے مقام پر منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فہیداللهاور اسسٹنٹ کمشنر امیر نواز تھے جبکہ فارسٹ آفیسر سائوتھ ڈویژن سلیم مروت کے علاوہ سرکاری محکموں ، معززین علاقہ، ویلفیئر ایسو سی ایشنز اور کثیر تعداد میں ٹائیگر فورس کے رضا کاروں نے شرکت کی۔ فارسٹ ڈویژن سائوتھ میں مجموعی طور پر 72ہزار مختلف اقسام کے پودے لگانے کا ہدف مکمل کیا گیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں