عوام اپنے لئے اور اپنے آنے والی نسلوں کے لیے پودے لگائیں،کامران بنگش

ہم نے پاکستان صرف کرپشن سے نہیں آلودگی سے بھی بچانا ہے۔ امید ہے اپوزیشن جماعتیں بھی کلین گرین پاکستان کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں گی۔ ہم نے ایک فرد ایک پودا کی سوچ کو پروان چڑھانا ہوگا،،معاون خصوصی برائے اطلاعات

اتوار 9 اگست 2020 22:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2020ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و بلدیات کامران بنگش نے اتوار کے دن شجرکاری مہم کے سلسلے میں مردان کا خصوصی دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے چمتار اڈا مردان میں پودا لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ممبرصوبائی اسمبلی عبدالسلام، سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ خضر حیات، پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز اور ٹائیگر فورس رضاکاروں نے تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ آج وزیراعظم عمران خان کے وژن کلین گرین پاکستان کو شرمندہ تعبیر کر رہے ہیں۔ اس سے پہلے بھی عوامی تعاون سے ہم نے خیبرپختونخوا میں ایک بلین درخت کامیابی سے لگائے ہیں جن کی تعریف عالمی حلقوں میں ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

اس دفعہ بھی 10 بلین ٹری سونامی منصوبے کو کامیابی سے ہمکنار کریں گے۔

خیبرپختونخوا میں شجرکاری مہم کے سلسلے میں جاری سرگرمیوں پر بات کرتے ہوئے معاون وزیراعلیٰ کامران بنگش نے کہا کہ صوبے میں آج مجموعی طور پر 850 سے زیادہ مقامات پر شجرکاری مہم کی سرگرمیاں جاری ہیںجن کے لیے ٹائیگر فورس، عام عوام اور پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز کی خدمات حاصل ہیں۔شجرکاری مہم میں ٹائیگر فورس اور عوام کے کردار کو سراہتے ہوئے معاون اطلاعات و بلدیات کامران بنگش نے کہا کہ پلانٹیشن مہم میں عوام اور ٹائیگر فورس کا کردار قابل تعریف ہے جس کو تاریخ میں سنہری الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے ٹائیگر فورس کے قیام کو ہمیشہ بے جا تنقید کا نشانہ بنایا لیکن آج اس کے ثمرات آپ کے سامنے ہیں۔میڈیا نمائندگان کو شجرکاری مہم کی تفصیلات بتاتے ہوئے معاون اطلاعات و بلدیات کامران بنگش نے واضح کیا کہ مردان میں محکمہ بلدیات کی جانب سے شجرکاری کے لیے 400 کنال اراضی مختص کی گئی ہے جبکہ 10 بلین ٹری سونامی منصوبے کے تحت خیبرپختونخوا میں مزید ایک ارب 20 کروڑ سے زائد پودے لگائے جائیں گے تاکہ ماحولیاتی آلودگی کی ایشو پر قابو پانے میں مدد ملے۔

ٹائیگر فورس دن کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ آج کی شجرکاری میں ٹائیگر فورس کی اہمیت کا اندازہ سب کو ہو چکا ہے اسی سافٹ پاور سے ایک دن میں 20 لاکھ پودے لگانے کا ٹارگٹ پورا کرلیا جائے گا، اس سے بلا تفریق سب کا فائدہ ہوگا۔معاون خصوصی برائے اطلاعات و بلدیات کامران بنگش نے کہا کہ شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لیے انتظامیہ سے لے کرسیکرٹری اور وزیراعلیٰ تک سب شجرکاری میں مصروف ہیں کیونکہ یہ آنے والی نسلوں کے لیے بہترین سرمایہ کاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے آج بذات خود ریگی للمہ ٹاؤن پشاور میں پودے لگائے تاکہ عوام بھی اسی حوالے سے متحرک ہو سکیں۔بلین ٹری سونامی کا ذکر کرتے ہوئے معاون وزیراعلیٰ کامران بنگش نے کہا کہ پچھلے پانچ سال میں ایک ارب 20 کروڑ پودے لگا چکے ہیں۔ اس دفعہ بھی شجرکاری مہم کے ذریعے سرخرو ہوں گے جو عوامی تعاون سے ممکن ہو سکتی ہے۔

اس موقع پر عوام سے اپیل کرتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ اپنے لیے اور اپنے آنے والی نسلوں کے لیے پودے لگائیںکیونکہ ہم نے پاکستان صرف کرپشن سے نہیں آلودگی سے بھی بچانا ہے۔ اپوزیشن کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امید ہے اپوزیشن جماعتیں بھی کلین گرین پاکستان کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں گی۔ ہم نے ایک فرد ایک پودا کی سوچ کو پروان چڑھانا ہوگا۔

ممبر صوبائی اسمبلی عبدالسلام آفریدی کے ہمراہ میڈیا کو بریف کرتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ پاکستان فارسٹیشن اور شجرکاری میں دنیا کے لیے مثال بن رہا ہے۔ شجرکاری مہم ہر بار اسی طرح بھرپور ولولہ کے ساتھ منایا جائے گا۔ درخت لگانے کا یہ سلسلہ رکنے نہیں دیں گے۔ضلع خیبر میں شجرکاری مہم کے دوران ہلڑبازی پر کمنٹ کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات و بلدیات کامران بنگش نے کہا کہ شجرکاری مہم کو تخریب کاری کا شکار نہیں ہونے دیں گے کیونکہ شجرکاری مستقبل کی بینکاری ہے اور ہم نے اسے آگے لے کر جانا ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں