عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں،کمشنر ڈیرہ ڈویژن پشاور

جمعہ 14 اگست 2020 00:06

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2020ء) کمشنر ڈیرہ ڈویژن یحییٰ اخونزادہ نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ یہ ہدایات انہوں نے آج ڈی ایچ کیو ایم ٹی آئی ٹیچنگ ہسپتال )زنانہ(کے دورے کے موقع پر ریڈیالوجی بلاک کے افتتاح کے موقع پر دیں۔اس موقع پر چیئر مین بی او جی ایم ٹی آئی ارشد استرانہ، ہاسپیٹل ڈائریکٹر ڈاکٹر فرخ جمیل، میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر نسیم صباء،ڈائریکٹر پیرامیڈیکس سلیم اعوان، ایس ڈی او محکمہ سی اینڈ ڈبلیومحمد فضل، ڈاکٹرز و دیگر سٹاف بھی موجود تھے۔

اس موقع پر کمشنر ڈیرہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ریڈیالوجی بلاک میں تین جدید مشینیں نصب کی گئی ہیںجن میں ایکسرے مشین ، کلرڈاپلر اور الٹراسائونڈ مشین شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ریڈیالوجی بلاک کے قیام اور ٹیسٹنگ مشینوں کی تنصیب سے جہاں ایک طرف سے ٹیسٹنگ کے عمل میں جدت آئی ہے وہیں ہسپتال میں آنے والے مریض بھی اس سہولت سے استفادہ کریں گے۔

دورے کے دوران کمشنر ڈیرہ نے ہسپتال میں جاری مختلف تعمیراتی اور تزئین و آرائش کے کاموں کا بھی جائزہ لیا اور تمام ترقیاتی سکیموں کی بروقت اور معیاری تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔بعد ازاں ہسپتال کے ایڈمنسٹریشن بلاک میں منعقدہ اجلاس کے دوران چیئر مین ایم ٹی آئی ارشد استرانہ اور میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر نسیم صباء نے کمشنر ڈیرہ کو ہسپتال سے متعلق مختلف امور اور بجٹ کے حوالے سے بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ میڈیسن بلز کی مد میں کافی بجٹ التواء کا شکا ر ہے۔

کمشنر ڈیرہ نے اس موقع پر کہا کہ ایم ٹی آئی آزادانہ حیثیت سے کام کرہا ہے تاہم وسائل کے اندر رہتے ہوئے عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ سٹاف کی بھرتیوں کے موقع پر تجربہ اور مہارت کو ترجیح دی جائے۔بعد ازاں کمشنر ڈیرہ نے ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کے دورے کے موقع پر شعبہ نیفرالوجی اینڈ ڈائلیسز کا معائنہ کیا جبکہ مفتی محمود ہسپتال اور گومل میڈیکل کالج کا دورہ بھی کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے اپنے دورہ ڈیرہ اسماعیل خان کے موقع پر ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی اور تعمیراتی کام کے حوالے سے چند خامیوں کی نشاندہی کی تھی اور ایک ماہ کے اندر ان خامیوں کو دور کرنے کی ہدایات بھی جاری کی تھیں ، اسی تسلسل میں آج کمشنر ڈیرہ نے ایم ٹی آئی کے زیر انتظام ہسپتالوں کا دورہ کیا اور اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ بھی لیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ لوگوں کو صحت سے متعلق بہتر سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ قابل قبول نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں